بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / تبدیلی محسوس نہ کرنیوالے آنکھوں کا علاج کروائیں ٗ پرویز خٹک

تبدیلی محسوس نہ کرنیوالے آنکھوں کا علاج کروائیں ٗ پرویز خٹک

پشاور۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کے پاس الہ دین کا چراغ نہیں جو 70سالوں کا گند اتنی جلدی سے صاف کرے ،صوبے میں تبدیلی محسوس نہ کرنے والے اپنے انکھوں کا علاج کرائیں گذشتہ دور حکومت میں نوکریوں کی بولیاں لگانے والے کس منہ سے تحریک انصاف پر تنقید کر رہے ہیں۔

اداروں میں اصلاحات اور ہسپتالوں سمیت سکولوں سے مافیا کا خاتمہ مخالفین سے برداشت نہیں ہوتا تحریک انصاف کی حکومت کی بنائی ہوئی سڑکیں دس سالوں تک قائم رہے گی کیونکہ ہماری حکومت کمیشن والوں کو ٹھیکے نہیں دیتے بلکہ سب کچھ میرٹ پر ہو تا ہے صوبے کے ہسپتالوں کو دسمبر تک نئی مشینریاں فراہم کر رہے ہیں حکومت سنبھالنے کے وقت سرمایہ کار صوبے میں سرمایہ کاری سے گھبراتے تھے مگر اب باہر سے بڑی تعداد میں لوگ پیسہ انویسٹ کرنے خیبر پختونخوا آتے ہیں پاکستان تحریک انصاف عوام کو سہولیات فراہم کرنا چاہتی ہے جبکہ بعض عناصر عوام کو گمراہ کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں صوبائی حکومت صحافیوں کے مسائل حل کرنے کے لئے بھر پور کوشش کررہی ہے صحافی اپنے قلم کے ذریعے ظالم کا راستہ روک کر ملک کی حفاظت میں اپنا کردار ادا کرے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پشاور پریس کلب کی نو منتخب کابینہ کی حلف برداری کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،تقریب حلف برداری میں مشیر اطلاعات مشتاق غنی، سیکرٹری اطلاعات ارشد مجید، وزیر اعلی کے پریس سیکرٹری بہرہ مند خان، ڈائریکٹر پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ عبدالمجید نیازی، سی سی پی او پشاور طاہر خان، خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر حاجی افضل ، ڈسٹرکٹ نائب ناظم سید قاسم شاہ سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات اور پشاور پریس کلب کے ممبران نے شرکت کی۔ ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے کہا کہ صوبائی حکومت نے تعلیم اور صحت پر خصوصی توجہ دی ہے ،صوبہ بھر میں تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں میں سٹاف کی کمی کو پورا کرنا صوبائی حکومت کا کارنامہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے ہر ہسپتال میں سہولیات موجود ہے بے روزگاری ختم کرنے کے لئے صوبے میں صنعتیں لگائی جارہی ہیں ،غریبوں کو مفت علاج فراہم کرنے کے لئے صوبائی حکومت نے صحت انصاف کارڈ کا انقلابی اقدام اٹھایا ہے جس سے صوبے کے غریب عوام مستفید ہو رہے ہیں ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے عوام کی فلاح وبہبود کے لئے تمام اداروں میں ریفارمز لائے ہیں انہوں نے کہا کہ عوام سے تبدیلی کے نام پر ووٹ لے کر پی ٹی آئی کی حکومت وجود میں آئی ہے اور اب صوبائی حکومت بھر پور کوشش کر رہی ہے کہ وہ عوام کے توقعات پر پورا اتر سکے ،انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پر تنقید کرنے والے ایم ایم اے دور حکومت کے وزراء اور دیگر عوام کو بتائے کہ انہوں نے اپنی دور حکومت میں اسلام کیلئے کیا کچھ کیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے سود ی نظام کے خلاف قانون پاس کر کے نئی تاریخ رقم کر دی ہے جبکہ پرائمر ی لیول پر ناظرہ کو لازمی قرار دینا بھی صوبائی حکومت کا کارنامہ ہے انہوں نے کہا کہ پولیس کو با اختیار بنا کر اسمیں سیاسی دخل اندازی مکمل طور پر ختم کر دی ہے وزیر اعلی نے مزید کہا کہ حکومتی مدت پوری ہونے سے قبل عوامی مسائل حل کر نے کی کوشش کریں گے ،وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے اس موقع پر پشاور پریس کلب کی تعمیر نو کا بھی اعلان کرتے ہوئے پریس کلب کی سالانہ گرانٹ 50 لاکھ سے بڑھا کر ایک کروڑ روپے کرنے کا بھی اعلان کیااورکہا کہ نئے ممبرز کے لئے بھی بہت جلد رہائشی منصوبے کا آغاز کریں گے ،وزیر اعلی خیبر پختونخوا کو پشاور پریس کلب کی اعزازی ممبر شپ دے دی گئی گزشتہ روز حلف براداری تقریب کے موقع پر صدر پشاور پریس کلب عالمگیر خان نے صحافیوں کے ساتھ دوستانہ اور اچھا رویہ رکھنے پر وزیر اعلی خیبر پختونخوا کو اعزازی ممبر شپ سے نوازتے ہوئے انہیں خصوصی سوئینر بھی پیش کیا ۔