بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / شہزادہ فلپ کا شاہی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہونے کا اعلان

شہزادہ فلپ کا شاہی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہونے کا اعلان


لندن: برطانوی شاہی محل ‘بکنگھم پیلس’ کا کہنا ہے کہ ملکہ برطانیہ کے شوہر 95 سالہ شہزادہ فلپ آئندہ موسم خزاں میں شاہی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوجائیں گے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق شاہی محل سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا، ‘پرنس فلپ نے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ وہ رواں برس خزاں میں شاہی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوجائیں گے اور اس فیصلے میں انھیں ملکہ کی مکمل حمایت حاصل ہے’۔

بیان میں اس بات کی وضاحت کی گئی کہ پرنس فلپ رواں برس اگست تک اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے، لیکن اس کے بعد مزید کسی قسم کے دعوت نامے وصول نہیں کریں گے، تاہم وہ وقتاً فوقتاً مختلف عوامی تقریبات میں شرکت کرتے رہیں گے’۔

اس سے قبل برطانوی شاہی محل ‘بکنگھم پیلس’ کے عہدیداران نے ملکہ برطانیہ اور ان کے شوہر کی صحت سے متعلق ہونے والی قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ تشویش کی کوئی بات نہیں۔

امریکی خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق بکنگھم پیلس کے عہدیداران نے بتایا کہ شاہی محل کے عملے کا ایک اجلاس بلایا گیا ہے، لیکن کسی قسم کی ‘تشویش کی کوئی وجہ نہیں’۔

واضح رہے کہ برطانوی اخبار ڈیلی میل میں شاہی محل کے عملے کے ایک غیر معمولی اجلاس کے حوالے سے رپورٹ شائع ہوئی تھی، جس کے بعد ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم اور ان کے شوہر پرنس فلپ کی صحت کے حوالے سے قیاس آرائیاں گردش کرنے لگیں۔

تاہم شاہی محل کے ایک عہدیدار نے ایسوسی ایٹڈ پریس سے بات کرتے ہوئے ان قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا اور کہا کہ ملکہ برطامیہ نے شاہی محل میں برطانوی وزیراعظم تھریسا مے سے ملاقات کی جبکہ پرنس فلپ بھی لندن کرکٹ کلب گئے۔

مذکورہ عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ شاہی محل کے عملے کے اجلاس وقتاً فوقتاً بلوائے جاتے رہتے ہیں۔

لندن میں واقع برطانوی شاہی محل—۔فوٹو/ اے پی