بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / جے یو آئی ایم ایم اے کی بحالی کیلئے سرگرم

جے یو آئی ایم ایم اے کی بحالی کیلئے سرگرم


پشاور۔مذہبی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے ) کی دوبارہ فعالیت کیلئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کی مرکزی مجلس عاملہ کا اہم اجلاس آج ہفتہ کو پشاور میں ہوگا جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانافضل الرحمٰن اجلاس کی صدارت کریں گے ۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں ایم ایم اے کی دوبارہ فعالیت کا معاملہ زیر بحث آئے گا اور طویل گفت و شنید اور باہمی مشاورت کے بعد آئندہ کی حکمت عملی کے حوالے سے اہم فیصلہ کیا جائے گا بتایا گیا ہے کہ مولانافضل الرحمٰن مرکزی مجلس عاملہ کو وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سے اپنی ہونے والی ملاقاتوں پر بریفنگ بھی دیں گے ۔

مجلس عاملہ کو پارٹی کے منشور پر عمل درآمد کیلئے ملک گیر سطح پر اٹھائے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا جائے گا خیال رہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) جمعیت علمائے اسلام (س) اور جماعت اسلامی سمیت کئی مذہبی جماعتوں کی جانب سے 2002کے عام انتخابات کیلئے ایک اتحاد بنایا گیا تھا تاہم انتخابات میں کامیابی اور خیبرپختونخوا (سرحد) میں حکومت کے قیام کے بعد حکومتی معاملات پر جمعیت علمائے اسلام (ف) اور جماعت اسلامی میں اختلاف کے باعث 2007میں مذہبی جماعتوں کا یہ اتحاد ٹوٹ گیا۔