بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / پاک ترکی کا شہری ہوابازی کے مختلف شعبوں میں تعاون کا فیصلہ

پاک ترکی کا شہری ہوابازی کے مختلف شعبوں میں تعاون کا فیصلہ

اسلام آباد۔پاکستان اورترکی کے باہمی مفاد میں دونوں ممالک کے مابین شہری ہوابازی کے مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کا اصولی فیصلہ کیاگیا ہے یہ بات وزیراعظم کے مشیر برائے شہری ہوابازی سردار مہتاب احمد خان اورپاکستان میں متعین ترکی کے سفیرایس بابر جرجن کے مابین ملاقات میں طے پائی اس موقع پر شہری ہوابازی ڈویژن کے سیکرٹری عرفان الہی اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے سردار مہتاب احمد خان نے کہا کہ پاکستان اور ترکی عالم اسلام میں قائدانہ کردار کے حامل ممالک ہیں ۔

جو اخوت اور دوستی کے دیرینہ روابط میں بندھے ہوئے ہیں اور وزیراعظم نواز شریف اور طیب رجب اردگان کی قیادت میں دونوں ممالک کی حکومتیں اس بھائی چارہ اور تعاون کو مزید مستحکم کررہی ہیں انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی دنیا کے بڑے خطوں کے مابین رابطہ کا کردار اداکرتے ہیں اورہوابازی کے تناظر میں اپنے اہم جغرافیائی محل وقوع کی وجہ سے دنیا میں انتہائی اہمیت رکھتے ہیں اس لئے دیگر شعبوں کی طرح شہری ہوابازی کے شعبے میں بھی دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں ایک دوسرے کی مہارت ، تجربہ اور صلاحیتوں سے استفادہ کیا جاسکتا ہے سردار مہتاب احمد خان نے مہمان سفیر کو شہری ہوابازی اور خصوصا قومی ائرلائن پی آئی اے کی بہتری کے لئے متعارف کرائی جانے والی اصلاحات سے بھی آگاہ کیا۔

ترک سفیر نے پاکستان میں شہری ہوابازی کی ترقی کے لئے حالیہ اقدامات کو سراہا ملاقات میں کہا گیا کہ ہوابازی کے شعبہ میں دونوں ممالک کے مابین تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں اور اس امر پر اصولی اتفاق کا اظہار کیا گیا کہ دونوں ممالک کی ائرلائنز تعاون کے فروغ کی قابل عمل تجاویز پر کام کرسکتی ہیں اس کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے پاس موجود باصلاحیت ماہرین اوراعلی معیار کی تکنیکی سہولیات سے ہوابازی کی مارکیٹ میں دیکھ بھال اور مرمتوں کی خدمات سے متعلق کاروباری مواقع سے باہمی طور پر استفادہ کیا جاسکتاہے۔