بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / کراچی میں امن پاکستان کے استحکام کے لئے ضروری ہے، آرمی چیف

کراچی میں امن پاکستان کے استحکام کے لئے ضروری ہے، آرمی چیف


راولپنڈی ۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کراچی میں امن پاکستان کے استحکام کے لئے ضروری ہے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اتوار کے روز کور ہیڈکوارٹرز کراچی کا دورہ کیا آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف کو کراچی کی سکیورٹی صورت حال پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف کو سندھ میں مردم شماری کے دوران پاک فوج کے تعاون کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی جبکہ آرمی چیف کو آپریشن ردالفساد میں پیشرفت کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن قائم کرنے میں سکیورٹی فورسز اور انٹیلی جنس ایجنسیز نے جو کردار ادا کیا ہے وہ قابل ستائش ہے۔ کراچی میں امن اور سلامتی پورے پاکستان کے لئے بہت ضروری ہے۔ آرمی چیف نے اس حوالے سے کوششیں کرنے والے اداروں کی تعریف کی، آرمی چیف نے قوم پرستوں اور دیگر منحرف لوگوں کو قومی دھارے میں لانے کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی اور صوبہ میں امن کے قیام کے لئے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

آرمی چیف نے پاک فوج اور رینجرز کی کارکردگی کو سراہا۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ انٹیلی جنس اداروں کی کوششوں سے دہشت گرد عناصر کے خاتمہ میں کامیابی ملی ہے اور ان کے مثبت کردار کی وجہ سے کراچی کا امن مستقبل میں بھی برقرار رہے گا۔ کور ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا نے آرمی چیف کا استقبال کیا جبکہ ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید بھی اس موقع پر موجود تھے۔