بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / گلیات میں سیاحت کے فروغ کیلئے خصوصی اقدامات

گلیات میں سیاحت کے فروغ کیلئے خصوصی اقدامات

پشاور۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویزخٹک نے مری روڈ ایبٹ آباد کی تعمیر و توسیع پر کام بلا تعطل جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے جبکہ چھانگلہ گلی روڈ کے متبادل روٹ کے اطراف کو ورلڈ بینک کی معاونت سے تعمیر ہونے والے منصوبوں میں ڈالنے اور 29 کلومیٹر طویل درمیانی روڈ کو صوبائی حکومت کے اپنے وسائل سے تعمیر کرنے کی منظوری دی ہے۔انہوں نے صوبہ بھر میں تعمیراتی سکیموں پر عمل درآمد بروقت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی تاکہ تاخیر کی وجہ سے اضافی وسائل کی ضرورت نہ پڑے ۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات مشتاق غنی ، مشیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب ، ایم پی اے سردار ادریس ، ایڈوکیٹ جنرل ،منیجنگ ڈائریکٹر پختونخوا ہائی وے اتھارٹی اور متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں نے اجلاس میں شرکت کی ۔اجلاس کو مری روڈ ایبٹ آباد کی تعمیر و توسیع ، مالم جبہ روڈ کی تعمیر ، چھانگہ گلی سے اسلام آباد روڈکی تعمیر اور ہری پور بائی پاس روڈ کو ڈبل کرنے کے منصوبوں پر کام کی پیش رفت اور اس سلسلے میں مسائل سے آگاہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوامی مفاد کے منصوبوں پر کام رکنا نہیں چاہیے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ تعمیراتی منصوبوں پر بروقت کام شروع کیا جانا چاہیے کیونکہ تاخیر کی وجہ سے مجوزہ تخمینہ لاگت کے اندر منصوبے مکمل نہیں ہوتے تو اضافی وسائل درکار ہوتے ہیں جس کی وجہ سے مالی نقصان ہو تا ہے ۔انہوں نے تعمیراتی منصوبوں پر ٹینڈر کو ہر لحاظ سے متوازن رکھنے کی بھی ہدایت کی اور تنبیہ کی کہ غیر متوازن سٹینڈر ڈہر گز قبول نہ کیا جائے تاکہ جاری سکیموں کیلئے اضافی اخراجات کی ضرورت پیش نہ آئے ۔تما م منصوبے ٹینڈر میں دی گئی ٹائم لائن اور تخمینہ لاگت کے اندر مکمل ہونے چاہئیں۔