بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / بھارت کی پھر ایل او سی کی خلاف ورزی

بھارت کی پھر ایل او سی کی خلاف ورزی

مظفرآباد۔ بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کی جانب سے لائن آف کنٹرول کے قریب آزاد جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں کی جانے والی شیلنگ کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں ایل او سی پر بھارتی فوج کی جانب سے شیلنگ کے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت جان بوجھ کر ایل او سی پر فائرنگ سے شہریوں کو نشانہ بناتا ہے ۔

انہوں نے تازہ واقعے میں شہید نوجوان پر افسوس کا اظہار کیا ۔آزاد کشمیر کے ضلع کوٹلی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس چوہدری ذوالقرنین سرفراز کے مطابق گزشتہ رات 2 بجے سبز کوٹ گاوں کے ایک مکان پر گولہ گرا،جس سے مکان میں سوئے ہوئے افراد میں سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے۔سبز کوٹ گاوں ضلع کوٹلی کے چرہوئی سیکٹر کے قریب واقع ہے۔ایس ایس پی کوٹلی کے مطابق جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 18سالہ رضوان کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی ہونے والے اہل خانہ میں اس کا 14سالہ بھائی کامران اور ان دونوں کی دادی ولایت بیگم شامل ہیں۔

زخمیوں کو فوری طور پر ضلع میرپور کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال منتقل کیا گیا۔ایس ایس پی کے مطابق کوٹلی کے کھوئی رتہ سیکٹر کے گاوں تائین میں بھی ایک اور بزرگ شخص، 75سالہ راجا عزیز شیلنگ سے زخمی ہوئے۔چوہدری ذوالقرنین سرفراز کے مطابق بھارتی فورسز کی جانب سے شیلنگ کا سلسلہ گذشتہ رات بھر جاری رہا جبکہ صبح اس کی شدت میں کچھ کمی آئی۔سماہنی سیکٹر کے پولیس حکام کے مطابق بھمبر ضلع کا یہ حصہ بھی شیلنگ کی زد پر رہا تاہم کسی شہری کے زخمی ہونے کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔