بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / عمران خان کو 10ارب روپے ہرجانے کا نوٹس

عمران خان کو 10ارب روپے ہرجانے کا نوٹس


لاہور ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما وممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے بھی تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کو بے بنیاد الزامات لگانے ،خاندانی و سیاسی شہرت کو نقصان پہنچا نے اور پانامہ کیس کے حوالے سے خاموشی اختیار کرنے پر 10۔ارب روپے کی خود ساختہ پیشکش پراتنی ہی رقم 10 ارب روپے ہرجانے کاقانونی نوٹس بھیج دیاہے جس میں کہاگیاہے کہ پانامہ کیس کے حوالے سے 25اپریل کو الیکڑانک میڈیا اور 26اپریل کے اخبارات میں عمران خان نے جو موقف اختیار کیا وہ انتہائی لغو ،من گھڑت اور مفروضوں پر مبنی ہے۔

حمزہ شہباز نے اپنے اٹارنی کے ذریعے عمران احمد خان نیازی کو 4صفحات اور 10نکات پر مشتمل تفصیلی نوٹس بھجوا دیاہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ عمران خان 14دن کے اندر غیر مشروط معافی مانگیں اور اس معافی نامہ کو قومی اخبارات و میڈیامیں شائع کروائیں وگرنہ ان کے خلاف 10ارب روپے ہرجانے و دیگر قانونی چارہ جوئی کا آغاز کیاجائے گا ۔حمزہ شہباز کی طرف سے اعظم نذیرتارڑ ایڈووکیٹ سپریم کورٹ نے ہتک عزت آرڈیننس 2002کی دفعہ 8اور پاکستان پینل کوڈ1860کے تحت قانونی نوٹس میں تفصیلاً بیان کیاگیاہے کہ حمزہ شہباز قومی اسمبلی آف پاکستان کے رکن ہیں اور اس پہلے بھی 2008سے 2013تک وہ ایم این اے رہے ہیں ان کا تعلق ملک کے معروف سیاسی گھرانے سے ہے۔حمزہ شہباز کے والد صوبہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ جبکہ تایا پاکستان کے وزیر اعظم کے عہدوں پرفائز ہیں اس فیملی کے حوالے سے لگائے گئے بے بنیاد الزامات حمزہ شہباز کے لئے ذہنی کوفت اور دکھ کا باعث بنے ہیں جن کا مقصد ان کی سیاسی شہرت کو نقصان پہنچانا اور ان کے عوامی تشخص کو مجروح کرنا ہے ۔

نوٹس میں کہاگیاہے کہ عمران خان کے اس الزام کے بعد حمزہ شہباز کو مختلف دوستوں اورساتھیوں کی طرف سے ٹیلی فون کالزا ور دیگر ذرائع سے ان الزامات کی وضاحت کرنے کا کہاگیا لہذاحمزہ شہباز اپنا آئینی اور قانونی حق استعمال کرتے ہوئے عمران خان کو ان بے بنیاد الزامات پر دو ہفتوں میں غیر مشروط معافی مانگنے کا موقع فراہم کررہے ہیں وگرنہ 10ارب روپے کے ہرجانے کی قانونی کاروائی شروع کردی جائے گی اور دیگر قانونی چارہ جوئی بھی عمل میں لائی جائے گی ۔یادرہے کہ عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ پاناما لیکس پر خاموش رہنے کے لیے شہبازشریف اور حمزہ شہبازشریف کے مشترکہ دوست نے انہیں 10 ارب روپے کی پیشکش کی تھی جس پر وزیراعلی پنجاب شہبازشریف پہلے ہی نوٹس بھیج چکے ہیں۔