بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / فاٹابل معاہدوں کے برعکس ہے‘ مولانا فضل الرحمان

فاٹابل معاہدوں کے برعکس ہے‘ مولانا فضل الرحمان

اسلام آباد ۔جمعیت علماء اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ فاٹا کے حوالے سے بل حکومت اور ہمارے درمیان ہونے والے معاہدوں کے برعکس ہے‘ اس سے فاٹا کو متنازع بنایا جارہا ہے تاہم فاٹا کے منتخب اراکین نے فضل الرحمن کے ریمارکس پر اپنی نشستوں پر کھڑے ہوکر احتجاج کیا۔ پیر کو قومی اسمبلی میں فاٹا کے حوالے سے بل پر بات کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ بل کا جو مسودہ ہمیں دیا گیا ہے وہ حکومت اور ہمارے درمیان ہونے والے معاہدوں کے برعکس ہے اس سے فاٹا کو متنازعہ بنایا جارہا ہے، اس سے فاٹا کے عوام کو سکون نہیں ملے گا ان کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔ جو باتیں ہمارے ساتھ طے ہوگئی ہیں۔

اس کے خلاف یہ بل کیوں لایا گیا ہے ہم پہلے بھی بات کرنے کے لئے تیار تھے اب بھی تیار ہیں۔ اس پر فاٹا کے دیگر ارکان نے ایوان میں احتجاج شروع کردیا۔ مولانا فضل الرحمن نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ فاٹا کے عوام سے پوچھے بغیر ان کے مستقبل کا فیصلہ نہیں کیا جاسکتا۔ برطانیہ میں بھی یورپی یونین کے ساتھ رہنے یا نہ رہنے کے حوالے سے ریفرنڈم کرایا گیا ہے۔ اگر فاٹا کے عوام کی موجودہ حیثیت تبدیل کرنی ہے تو یہ ان سے پوچھے بغیر نہیں ہو سکتا۔