بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / علی بابا گروپ کیساتھ پاکستان کے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

علی بابا گروپ کیساتھ پاکستان کے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

بیجنگ ۔پاکستان نے ای کامرس کے ذریعے چھوٹے اور درمیانے حجم کے کاروبار سے ملک کی عالمگیر برآمدات کے فروغ کیلئے علی بابا گروپ ہولڈنگز لمیٹڈ کے ساتھ منگل کو مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کر دیئے ہیں۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کے کمپنی ہیڈ کوارٹرز کے دورہ کے دوران علی بابا گروپ اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے درمیان معاہدے پر وزیر تجارت خرم دستگیر اور علی بابا گروپ کے صدر مائیکل ایونز اور علی بابا کی جانب سے سینئر نائب صدر گلوبل بزنس آف اینٹ فنانشل ڈوگلس فیاگن نے دستخط کئے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف اور علی بابا گروپ کے ایگزیکٹو چیئرمین جیک ما بھی اس موقع پر موجود تھے۔

یا دداشت کے تحت علی بابا، اینٹ فنانشل اور ٹی ڈی اے پی نے پاکستان میں ای کامرس کے ذریعے چھوٹے اور درمیانے حجم کے کاروباری اداروں کی جانب سے مصنوعات کی دنیا بھر میں برآمدات کے فروغ پر اتفاق کیا۔ علی بابا کی طرف سے ایس ایم ایز کے لئے آن لائن اور آف لائن تربیتی پروگراموں کا اہتمام بھی کیا جائے گا ٹی ڈی اے پی ٹریننگ پروگراموں میں شرکت کے لئے موزوں ایس ایم ایز کی بھی نشاندہی کرے گا جبکہ علی بابا اس ضمن میں معاونت کے لئے ٹی ڈی اے پی کو صنعتی جائزہ بھی فراہم کرے گا۔

اس کے علاوہ علی بابا، اینٹ فنانشل اور ٹی ڈی اے پی نے موبائل اور آن لائن ادائیگیوں جیسے شعبوں میں پاکستان میں مالیاتی خدمات کی نمو پر اتفاق کیا۔ فریقین نے پاکستان میں ایس ایم ایز کے آن لائن اور موبائل ای کامرس کاروبار میں معاونت کے لئے کلاؤڈ کمپیوٹنگ سروسز اختیار کرنے پر بھی اتفاق کیا۔