بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / ایران میں نامعلوم مسلح افراد کا سکیورٹی سنٹر پر دھاوا

ایران میں نامعلوم مسلح افراد کا سکیورٹی سنٹر پر دھاوا

تہران ۔ایران کے عرب اکثریتی صوبہ عربستان کے دارالحکومت اھواز میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں2 ایرانی پولیس افسر ہلاک اور2 اہلکار زخمی ہوگئے۔ایرانی میڈیاکے مطابق واقعہ گزشتہ روز مقامی وقت کے مطابق دن ایک بج کر پانچ منٹ پر اھواز شہر کی مغربی مجاھد کالونی کے اسٹیشن نمبر 22 پر پیش آیا۔ داخلی سلامتی سے متعلق ادارے کے سربراہ کرنل علی قاسم بور نے نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں دو پولیس افسران کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق واقعہ دن ایک بج کر پانچ منٹ مجاھد کالونی کے ایک سکیورٹی مرکز کے قریب اس وقت پیش آیا جب نامعلوم افراد نے سکیورٹی سینٹر پردھاوا بول دیا اور اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک فرسٹ لیفٹیننٹ علی بخش حسنود اور سارجنٹ عزیزاللہ بہمنی ہلاک ہوگئے۔

مسلح افراد پولیس اہلکاروں کے درمیان ہاتھائی پائی اور فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، جس کے نتیجے میں دو اہلکار زخمی ہوئے۔ انہیں علاج کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔حملہ آور مزید حملوں کی دھمکیاں دیتے ہوئے اسٹیشن سے بہ حفاظت فرار ہوگئے۔ادھر دوسری جانب اھواز کے سماجی کارکنوں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو فوٹیج پوسٹ کی ہے جس میں تین نقاب پوش مسلح افراد کو دکھایا گیا ہے۔

یہ تینوں خود کو البعث بریگیڈ کے رکن بتاتے ہیں اور ان کا دعوی ہے کہ وہ احواز کی آزادی تک کارروائیاں جاری رکھیں گے اورتہران کے خلاف حملے کرتے رہیں گے۔اگرچہ سماجی کارکنوں نے مذکورہ ویڈیومیں دکھائے گئے افراد ہی کو اھواز میں تازہ حملے کا ذمہ دار قرار دیا ہے تاہم ابھی تک کسی گروپ کی طرف سے اس کارروائی کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔اھواز میں سرگرم کسی مسلح گروپ نے بھی اس کارروائی کی ذمہ داری قبول نہیں کی اور نہ ہی حکومت کی جانب سے اس پر کوئی سرکاری رد عمل ظاہر کیا گیا ہے۔