بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / آذر بائیجان کی مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی مکمل حمایت

آذر بائیجان کی مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی مکمل حمایت


پشاور۔پاکستان میں آذر بائیجان کے سفیر علی علی زادہ نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی مکمل حمایت کا اعلان کیا اور مطالبہ کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے ، دنیا کو بتانا ہوگا کہ پاکستان تجارت کیلئے محفوظ ملک ہے، پاکستان اور آذر بائیجان سٹریٹیجک پارٹنر ہیں، پاکستان کے ساتھ تجارتی روابط کا فروخت چاہتے ہیں ۔ خیبر پختونخوا کے سرمایہ کاروں کو آذر بائیجان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں ۔

تجارتی وفود کے تبادلے سے دونوں جانب کی بزنس کمیونٹی کو ایک دوسرے کے مزید قریب لایا جاسکتا ہے ۔ وہ بدھ کو سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر سرحد چیمبر کے صدر حاجی محمد افضل کی زیر صدارت اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر چیمبر کے نائب صدر عابد اللہ خان یوسفزئی ٗ ایگزیکٹو ممبران عمران ساول ٗ نعمان الحق اور ملک افتخار احمد اعوان ٗ صادق امین ٗ صدر گل ٗ فیض رسول ٗ احسان اللہ مہمند اور پشاور کی مختلف تاجر تنظیموں کے صدور ٗ جنرل سیکرٹریز اور صنعت و تجارت کے شعبے سے وابستہ افراد بھی موجود تھے ۔

سرحد چیمبر کے صدر حاجی محمد افضل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آذر بائیجان کے سرمایہ کاروں کو ہائیڈرل پاور جنریشن ٗ تعلیم کے شعبے ٗ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ٗ کنسٹرکشن ٗ ٹورازم اور ایس ایم ای سیکٹر سمیت صنعت و تجارت کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت اوردونوں جانب کی بزنس کمیونٹی کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے کے لئے سرحد – آزر بائیجان جائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قیام کی تجویز پیش کی ۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین باہمی تجارت کے فروغ اور تجارتی وفود کے تبادلے کی ضرورت پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ خیبر پختونخوا افغانستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے لئے گولڈن گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے اس اعتبار سے پاکستان خطے میں تجارت کے فروغ کیلئے موزوں ترین ملک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آزر بائیجان کے ساتھ باہمی تجارت کے فروغ کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور مسلم ممالک ہونے کے ناطے پاکستان اور آذر بائیجان مل کر دونوں جانب کی معیشت کو فروغ دینے کے لئے جائنٹ وینچر کے ذریعے اقدامات اٹھائیں ۔ انہوں نے آذر بائیجان کے سفیر کو خیبر پختونخوا کی صنعتی ترقی اور قدرتی وسائل سے متعلق آگاہ کیا اور کہا کہ خیبر پختونخوا میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے محفوظ صوبہ ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو اس صوبے میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ پاکستان میں آزر بائیجان کے سفیر علی علی زادہ نے سرحد چیمبر کے صدر حاجی محمد افضل کی جانب سے باہمی تجارت کے فروغ اور تجارتی وفود کے تبادلے سمیت دونوں جانب کی بزنس کمیونٹی کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے سے متعلق تجاویز سے اتفاق کیا اور کہا کہ آزر بائیجان خیبر پختونخوا کی بزنس کمیونٹی کو آن لائن ویزہ کی سہولت فراہم کرے گا ۔

انہوں نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی مکمل حمایت کا اعلان کیا اور مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ دنیا کو بتانا ہوگا کہ پاکستان تجارت کیلئے محفوظ ملک ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور آذر بائیجان سٹریٹیجک پارٹنر ہیں اور ہم مسلم ملک ہونے کے ناطے پاکستان کے ساتھ تجارتی روابط کا فروخت چاہتے ہیں ۔ انہوں نے خیبر پختونخوا کے سرمایہ کاروں کو آذر بائیجان میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی اور کہا کہ خیبر پختونخوا کی بزنس کمیونٹی آزر بائیجان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں ۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی وفود کے تبادلے سے دونوں جانب کی بزنس کمیونٹی کو ایک دوسرے کے مزید قریب لایا جاسکتا ہے۔