بریکنگ نیوز
Home / صحت / خود کو پرکشش بنانا آپ کے اپنے ہاتھ میں

خود کو پرکشش بنانا آپ کے اپنے ہاتھ میں

مانیں یا نہ مانیں مگر آپ کی نیند شخصیت کو پرکشش بنانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ جو لوگ کم سونے کے عادی ہوتے ہیں وہ دیگر افراد کو کم پرکشش نظر آتے ہیں۔ اس تحقیق کے دوران 25 رضاکاروں نے حصہ لیا اور انہیں دو راتوں تک اچھی نیند اور پھر دو راتیں صرف چار گھنٹے سونے کی ہدایت کی گئی۔ دونوں تجربات کے بعد ان کی تصاویر لی گئیں اور 125 افراد کو انہیں دکھا کر پرکشش شخصیت، صحت، بااعتماد وغیرہ کی شخصی خوبیوں کے مطابق ریٹنگ دینے کا کہا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ کم نیند کے بعد لی جانے والی تصاویر کو لوگوں نے غیر پرکشش، غیر صحت مند اور اونگھتا ہوا قرار دیا۔ برطانیہ کی لیور پول یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ نیند کی کمی چہرے پر منفی اثرات مرتب کرتی ہے اور لوگوں کو وہ چہرے پرکشش نہیں لگتے۔ محققین کا کہنا تھا کہ تحقیق سے معلوم ہوتا ہے کہ اچھی نیند ہماری شخصیت کے لیے کتنی اہمیت رکھتی ہے۔ان کے بقول جو لوگ زیادہ پرکشش نظر آتے ہیں وہ اچھی سماجی خوبیوں کے حامل بھی تصور کیے جاتے ہیں اور اس لیے یہ حیران کن نہیں کہ لوگ ان سے کیوں گھلنے ملنے کے خواہشمند ہوتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ چہرے سے تھکاوٹ ٹپک رہی ہو تو ایسے افراد کو لوگ اپنا دوست بنانا پسند نہیں کرتے کیونکہ وہ انہیں کم پرکشش اور سماجی حلقوں سے کٹا ہوا تصور کرتے ہیں۔