بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / جنوبی وزیرستان کیلئے کروڑوں کے پیکیج کا اعلان

جنوبی وزیرستان کیلئے کروڑوں کے پیکیج کا اعلان


پشاور۔گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے قبائلی عوام کی قربانیاں تاریخ کا حصہ ہیں۔ قبائلی عوام نے ملک کی حفاظت کی خاطر اپنے گھر بار چھوڑے جس پر پوری قوم کوفخر ہے اور قبائلی عوام کی اس قربانی کوہمیشہ انتہائی قدر کی نگاہ سے یاد رکھاجائے گا۔وہ جمعرات کے روز جنوبی وزیرستان ایجنسی کے ایک روزہ دورہ کے موقع پر منعقدہ محسود قبائل کے نمائندہ جرگے سے خطاب کررہے تھے۔

سینیٹرمولانا صالح شاہ قریشی، میجرجنرل نعمان ذکریا ، جی او سی ہیڈکوارٹرز 9ڈویژن، ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹافدا محمد وزیر، پولیٹیکل ایجنٹ ظفرالاسلام اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پرموجود تھے۔گورنرنے کہاکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے علاوہ حکومت نے فاٹا کی عوام کیلئے کثیرالمقاصد پیکجز دیے ہیں اور اس ضمن میں جنوبی وزیرستان میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد جاری ہے جس میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی ، زراعت کی بحالی، تعلیم اور صحت کیلئے خصوصی اقدامات شامل ہیں اور یقین دلایاکہ ان منصوبوں کی تکمیل سے علاقے کی تقدیر بدلے گی۔انہوں نے کہاکہ امن ہوگاتو قبائلی علاقہ جات ترقی کی راہ پرگامزن ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ فاٹا کے تمام قبائل کو ملک کے ترقیافتہ علاقوں کے مساوی سطح پرلانے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ سپاسنامے میں کئے گئے مطالبات کا حوالہ دیتے ہوئے گورنرنے پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور دور افتادہ علاقوں میں رابطہ سڑکوں کی تعمیر 50 کروڑروپے مالیت کے خصوصی پیکج کا اعلان کیا اور کہاکہ CLCP پروگرام کے تحت چار لاکھ اور اکسٹھ ہزار روپے تباہ شدہ مکانات کے متاثرین کو معاوضہ دیاجارہاہے۔

گورنرنے خاصہ داروں کی تنخواہیں DDO کے طریقہ کار پر نکالنے کی رعایت کو 2018 تک بڑھانے کابھی اعلان کیا۔ گورنرنے سراروغہ میں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کے قیام اور سمال ڈیمز کے سلسلے متعلقہ محکموں کو ہدایت کہ اس سلسلے میں فیزیبلیٹی رپورٹ تیار کرکے پیش کی جائے۔ قبل ازیں ایجنسی پہنچنے پر قبائلی زعما ء نے گورنرخیبرپختونخوا کاپرتپاک استقبال کیا اورروایتی تحائف پیش کئے۔