بریکنگ نیوز
Home / صحت / پرسکون نیند کے لیے کیوی پھل کھائیے

پرسکون نیند کے لیے کیوی پھل کھائیے


تائیوان: اگر آپ سونے سے ایک گھںٹے قبل 2 عدد کیوی پھل کھائیں تووہ گہری اورپرسکون نیند لانے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔

ایک سروے سے یہ بات سامنے آئی ہے لیکن اب تک ماہرین اس کی معقول وجہ کی کھوج میں ہیں اور ان کا خیال ہے کہ شاید کیوی میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس اور سیروٹونن دماغ کو سکون پہنچا کر ایک مؤثر نیند کی وجہ بنتے ہیں۔

اس کے لیے تائپے میڈیکل یونیورسٹی تائیوان کے ماہرین نے ایسے 24 افراد کو بھرتی کیا جنہیں سونے میں مشکلات کا سامنا تھا اور انہیں نیند سے ایک گھنٹے قبل کیوی پھل کھانے کو دیا گیا تو پھل کھانے والے افراد 13 فیصد وقت زیادہ سوئے۔ اس کے علاوہ ان میں بستر پر جانے کے بعد نیند کا دورانیہ بھی 35 فیصد تک کم ہوگیا۔

کٹھا میٹھا پھل کیوی اب پاکستان میں بھی دستیاب ہے اور اس کے یہ بہت سے فائدے ہر ایک کی زبان پر ہیں۔ اس میں موجود وٹامن سی سانس کے نظام کو بہتر بناتا ہے جب کہ دمے کے مریض اگر کیوی کھائیں تو یہ ان کے لیے بہت مفید ثابت ہوسکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق اس میں پایا جانے والا پروٹیولائٹک اینزائم نظامِ ہاضمہ کو بہتر بناتا ہے۔ کیوی پر تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ایک جانب تو یہ خون کے لوتھڑے نہیں بننے دیتا اور دوسری جانب بلڈ پریشر کو بھی برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے۔