بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / حسن روحانی دوسری بار ایرانی صدر منتخب

حسن روحانی دوسری بار ایرانی صدر منتخب


تہران۔ ایران میں صدارتی انتخاب کے ابتدائی نتائج کے مطابق حسن روحانی اپنے قدامت پسند مدمقابل امیدوار ابراہیم رئیسی کو شکست دیتے ہوئے دوسری بار صدر منتخب ہوگئے ہیں۔ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق 4کروڑ76ہزار 729ووٹوں کی گنتی مکمل ہوچکی ہے اور حسن روحانی 58.8 فیصد ووٹ حاصل کر کے فیصلہ کن برتری حاصل کرچکے ہیں جب کہ ابراہیم رئیسی جنہیں روحانی کا حریف قرار دیا جارہا تھا 38.55 ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

ایران کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ پولنگ کی شرح غیر متوقع طور پر بہت زیادہ رہا اور چار کروڑ سے زیادہ ووٹ ڈالے گئے جب کہ حسن روحانی کے حریف ابراہیم رئیسانی نے ووٹنگ میں بے ضابطگیوں کے حوالے سے شکایت کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ حسن روحانی کے حامیوں نے پولنگ بوتھ پر روحانی کے حق میں پروپیگنڈہ کیا ہے جو الیکشن قوانین کی خلاف ورزی ہے۔واضح رہے کہ 68 سالہ حسن روحانی اعتدال پسند عالم اور سیاستدان سمجھے جاتے ہیں جنہوں نے 2015میں عالمی رہنماؤں سے جوہری معاہدے پر بات چیت کی تھی اور اہم معاہدہ طے پایا تاہم اس معاہدے کے ثمرات اب تک عوام تک نہیں پہنچ سکے ہیں جبکہ 56برس کے سابق سرکاری وکیل ابراہیم رئیسی قدامت پسند خیالات کے مذہبی عالم ہیں او ر ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ کے قریبی ساتھی ہیں۔