بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بھاری قیمت چکائی،نوازشریف

دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بھاری قیمت چکائی،نوازشریف

ریاض۔وزیراعظم نوازشریف نے کہاہے کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بہت بھاری قیمت چکائی ہے تاہم انسانی جانوں اورمالی نقصانات نے ہمارے عزم کو مزید مضبوط کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم نوازشریف پہلے امریکی عرب اسلامک سربراہ اجلاس میں شریک ہوئے ، اس موقع پر وزیراعظم نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اورمسلم رہنماؤں سے ملاقات کی جبکہ وزیراعظم نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور صدرٹرمپ سمیت عالمی رہنماؤں سے تبادلہ خیال کیا اورعالمی رہنماؤں کو دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کاوشوں سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے شمارقربانیاں دی اور بھاری قیمت چکائی ہے جبکہ دہشتگرد حملوں میں ہمارے اہلکار شہید اورزخمی بھی ہوئے تاہم انسانی جانوں اورمالی نقصانات نے ہمارے عزم کو مزید مضبوط کیا، ہم نے دہشتگردی کا جرات اورجوانمردی سے مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک کی طرح پاکستان نے بھی ان چیلنجز سے نمٹنے کے لئے سخت فیصلے کیے جس سے گزشتہ چند سال میں دہشتگردی کے واقعات کم ترین سطح پر آئے اور دہشتگردی کے خلاف مسلح افواج نے منظم کارروائیاں کیں جب کہ پاک فوج کی بھرپور کارروائیوں سے مطلوبہ نتائج حاصل ہوئے۔

دہشتگردی کے خلاف ہماری کاوشیں سیاسی اور قومی اتفاق کی مثال ہیں۔وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ امریکی عرب اسلامک سربراہ اجلاس کا سعودی عرب میں انعقاد خوش آئند ہے اور اس اجلاس کا حصہ بننا ہمارے لئے باعث مسرت ہے کیوں کہ پاکستان مذاہبی ہم آہنگی، مکالمے اور مسلم امہ کے اتحاد پر پختہ یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کا پہلے غیر ملکی دورے کے لئے سعودی عرب کا انتخاب قابل تعریف ہے اورصدر ٹرمپ کے اس اقدام کی بہت اہم علامتی حیثیت ہے۔ وزیراعظم نے ملائیشین ہم منصب اور تاجکستان کے صدر سے بھی ملاقات کی انہوں نے امیر قطر، بحرین کے شاہ اور آذربائیجان کے صدر سے بھی گفتگو کی۔