بریکنگ نیوز
Home / سائنس و ٹیکنالوجی / یورپی خلائی جہاز مریخ پر اترنے کے لیے تیار

یورپی خلائی جہاز مریخ پر اترنے کے لیے تیار


برلن۔ یورپی خلائی تنظیم ( ای ایس اے) اور روس کی جانب سے تیار کردہ مشترکہ خلائی جہاز شیاپریلی ایکسو مارس گیس آربٹر آج کسی وقت مریخ پر اترے گا۔

اسے اٹلی ، روس اور ای ایس اے نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے اور یہ اپنے منصوبے کے تحت 19 اکتوبر کو کسی وقت مریخ پر اترے گا۔  ایکسومارس ٹریس گیس آربٹر کے اہم مشن میں مریخ پر میتھین اور دیگر گیسوں کی شناخت کرنا ہے جو حیات کے لیے لازمی ہوتی ہیں۔

600 کلوگرام وزنی خلائی جہاز 14 مارچ 2016 کو مریخ کی جانب بھیجا گیا تھا۔ اس منصوبے کا پورا نام ’’ایکسومارس گیس آربٹر‘‘ ہے اور اس کا اہم حصہ مریخ پر تحقیق کرنے والے ایک سائنسداں شیاپریلی کے نام پر رکھا گیا ہے جو مریخ پر اتر کرچھان بین کرے گا۔ شیاپریلی لینڈر اپنے آربٹر سے علیحدہ ہوچکا ہے اور مریخ  پر ترچھے مدار میں چکر کاٹتا ہوا دھیرے دھیرے اس کی سطح پر اتر جائے گا اور اترتے وقت اپنے پیراشوٹ کھول لے گا۔

جرمنی میں ای ایس کے مشن کنٹرول روم میں موجود ماہرین اس پر ہر لمحے نظر رکھے ہوئے ہیں۔ 7.8 فٹ طویل طشتری نما یہ لینڈر مریخی خطِ استوا مریخ کے جس محفوظ مقام پر اترے گا اسے ’’میریڈیانا پلینم‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ 19 اکتوبر کو پاکستانی وقت کے مطابق شام 8 سے 9  بجے یہ مریخ پر اترے گا اور ای ایس اے کی ویب سائٹ پر اسے براہِ راست نشر کیا جائے گا۔

سطح پر اترتے ہوئے خلائی جہاز مریخ کی ہوا، آواز، نمی ، درجہ حرارت اور دباؤ بھی نوٹ کرے گا۔ مریخی سطح پر اترنے کے بعد شیاپریلی 2 دن تک اپنے سائنسی آلات کے ذریعے مریخی معلومات اکٹھا کرے گا جن میں بعض گیسوں کی کھوج سب سے اہم کام ہے۔