بریکنگ نیوز
Home / کھیل / دنیا کا پہلا ایئر کنڈیشنڈ اسٹیڈیم تیار

دنیا کا پہلا ایئر کنڈیشنڈ اسٹیڈیم تیار

دوحہ: قطر میں دنیا کا پہلا ایئرکنڈیشنڈ اسٹیڈیم فیفا ورلڈ کپ 2022 کی میزبانی کیلئے تیارہے جب کہ قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی نے باضابطہ طور پر امیر کپ کے فائنل سے قبل اسٹیڈیم کا افتتاح کردیا۔

فیفا ورلڈ کپ 2022 کی میزبانی قطر کرے گا، میگا ایونٹ سے 5 سال قبل ہی انتظامیہ نے پہلا اسٹیڈیم تیارکرلیا ہے، اسٹیڈیم 1976 میں گلف کپ کے لیے تعمیر کیا گیا اور ایشین گیمز 2006 کا انعقاد بھی یہاں کیا گیا۔ اب اسٹیڈیم کو مکمل طور پر تبدیل کردیا گیا ہے۔ وینیو کی اپ گریڈیشن کے بعد امیر کپ کے فائنل یہاں کھیلا جانے والا پہلا مقابلہ تھا جسے دیکھنے کیلئے فیفا کے صدر گیانی انفانٹینو، صدر ایشین فٹبال کنفیڈریشن شیخ سلمان بن الابراہیم الخلیفہ اور 40 ہزار سے زائد شائقین اسٹیڈیم میں موجود تھے۔

 اسٹیڈیم میں درجہ حرارت کم کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے جس سے انتہائی گرم موسم میں بھی گراؤنڈ کا درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ اور اسٹینڈ کا درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ رکھا جائے گا۔

اسٹیڈیم میں لگائی گئی جدید کولنگ ٹیکنالوجی، منفرد ڈیزائن سب کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے اور اسٹیڈیم میں ایک اسپورٹس میوزیم بھی جلد فنکشنل ہو جائے گا جب کہ اسٹیڈیم میں شائقین کی گنجائش بڑھانے پر بھی کام جاری ہے۔

خلیفہ اسٹیڈیم فیفا ورلڈ کپ منعقد کرنے والا پہلا اسٹیڈیم ہوگا جس میں لیڈ لائٹس کا استعمال کیا جائے گا۔ ورلڈ کپ 2022 نومبر 21 سے دسمبر 18 تک کھیلا جائے گا۔ میگا ایونٹ کے انعقاد کیلیے قطر کو تقریباً 8 وینیوز تعمیر کرنا ہوں گے جب کہ منتظمین نے دیگر زیر تعمیر پراجیکٹس کی تکمیل کیلئے 2020 کی ڈیڈ لائن مقرر کر رکھی ہے۔