بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / کوئٹہ سے دو چینی باشندے اغوا

کوئٹہ سے دو چینی باشندے اغوا


بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے جناح ٹاؤن سے نامعلوم مسلح افراد نے دو غیر ملکی باشندوں کو اغوا کرلیا۔

 پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مغوی باشندوں میں ایک مرد اور ایک خاتون شامل ہے اور جن کی شناخت چینی شہریوں کے طور پر کی گئی۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ان چینی باشندوں کے ساتھ ایک اور غیر ملکی خاتون بھی موجود تھیں تاہم اغوا کار انھیں اپنے ہمراہ لے جانے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔

پولیس کی جانب سے جاری کیا گیا اغواکاروں کے زیر استعمال گاڑی کا عکس — فوٹو: سید علی شاہ.

واقعے کے حوالے سے پولیس نے مزید بتایا کہ یہ غیر ملکی باشندے چینی زبان سکھانے کیلئے تعلیمی ادارے کی طرف بغیر سیکیورٹی پیدل سفر کررہے تھے۔

انھوں نے بتایا کہ ملزمان سفید رنگ کی جی ایل آئی میں سوار تھے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ مسلح اغوا کاروں کی فائرنگ سے ایک راہ گیر زخمی ہوا جسے علاج کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

واقعے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔

جناح ٹاؤن کوئٹہ کا انتہائی حساس علاقہ ہے جہاں ماضی میں بم دھماکے اور متعدد حملے ہوئے ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری نے چینی باشندوں کے اغوا کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل آف پولیس کو مغویوں کی فوری بازیابی کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔

بلوچستان پولیس کے قائم مقام انسپکٹر جنرل اعتزاز گورایا کا کہنا تھا کہ نامعلوم افراد نے دو چینی باشندوں کو کوئٹہ کے علاقے جناح ٹاؤن سے اغوا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کیے ہیں اور چینی باشندوں کی بازیابی کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں‘۔