بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / افغانستان میں طالبان کاخودکش حملہ

افغانستان میں طالبان کاخودکش حملہ


کابل۔افغانستان کے جنوبی حصے میں ایک خودکش کار بم دھماکے اور طالبان کے ساتھ جھڑپوں میں کم از کم 25 افغان فوجی ہلاک ہو گئے۔میڈیارپورٹس کے مطابق تشدد کا یہ واقعہ ایک ایسے وقت پیش آیا ہے جب اقوام متحدہ نے افغان تنازع کے دونوں فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے دوران لڑائیوں سے گریز کریں۔

ماہ رمضان چند روز میں شروع ہو رہا ہے۔ جنگ زدہ صوبے ہلمند کے سکیورٹی اہلکاروں نے بتایاکہ ایک خودکش بمبار نے بارود سے بھری اپنی کار افغان انٹیلی جنس ایجنسی کے دفتر سے ٹکرا دی۔طالبان نے تشدد کے اس واقعہ کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ان کے ایک ترجمان نے کہا کہ دھماکہ خیز مواد سے ضلع واشیر کا ایک دفتر تباہ کر دیا گیا اور اس حملے میں کم ازکم25 افراد ہلاک ہو گئے۔

ادھرافغانستان نے شمالی شہر قندوز میں عہدے داروں نے بتایا کہ طالبان کی جانب سے داغا گیا ایک راکٹ ایک سکول پر گرا جس سے کم ازکم ایک طالب علم ہلاک اور 9 زخمی ہو گئے۔اقوام متحدہ کے ادارے یواین اے ایم اے کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس سال کے پہلے چار مہینوں کے دوران عام شہریوں کی ہلاکتوں کی تعداد پہلے ہی ریکارڈ سطح تک پہنچ چکی ہے۔