بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی کا دھرنا ختم

پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی کا دھرنا ختم

اسلام آباد۔وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کو کے پی کے میں لوڈ شیڈنگ کے معاملہ پر منا لیا ٗ معاملہ کو (آج) منگل کو مل بیٹھ کر حل کرنے کی یقین دہانی پر تحریک انصاف نے دھرنا ختم کر دیا۔ پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی علی محمد خان، مراد سعید اور نقیب اﷲ خان نے کے پی کے میں 16 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کے معاملہ پر پارلیمنٹ ہاؤس کے مین گیٹ نمبر 1 پر علامتی دھرنا دیا۔

اس موقع پر وزیر مملکت عابد شیر علی اجلاس میں شرکت کرنے کیلئے پہنچے تو انہوں نے پی ٹی آئی کے اراکین پارلیمنٹ کو یقین دہانی کرائی کہ (آج) منگل کو مل بیٹھ کر اس حوالہ سے معاملات حل کر لیں گے۔ وزیر مملکت کی یقین دہانی کے بعد پی ٹی آئی کے اراکین نے احتجاج ختم کر دیا اس موقع پر پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی علی محمد خان نے کہا کہ کے پی کے سب سے زیادہ بجلی پیدا کرنے والا صوبہ ہے تاہم کے پی کے کے لوگوں کے ساتھ لوڈ شیڈنگ کے معاملہ پر ناانصافی کی جا رہی ہے اور کے پی کے میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 16 گھنٹے ہے۔ پی ٹی آئی کے رکن مراد سعید نے کہا کہ حکمرانوں نے پہلے 6 ماہ اور پھر ایک سال کے اندر لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کا وعدہ کیا گیا مگر وہ وعدہ ابھی تک ایفاء نہیں ہوسکا۔