بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / عوام کا تین دن پھل نہ خریدنے کا فیصلہ

عوام کا تین دن پھل نہ خریدنے کا فیصلہ

پشاور۔پھلوں کی قیمتوں میں ہوشرباء اضافے اور تین دنوں تک فروٹ کے بائیکاٹ پر مبنی سوشل میڈیا پر چلنے والے پیغام نے عوامی تائید حاصل کرلی ہے خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر کے عوام نے آج جمعہ کے روز سے آئندہ تین دنوں تک پھل نہ خریدنے کا فیصلہ کر لیا ہے صوبائی دارالحکومت میں جگہ جگہ پھلوں کے بائیکاٹ کے بینرز اور پلے کارڈز آویزاں کر دیئے گئے ہیں پھلوں کے بائیکاٹ کے تحت آج 2جون سے 4جون تک پھل نہیں خریدے جائینگے رمضان المبارک کے پہلے دن سے ہی پشاور سمیت خیبر پختونخوا اور ملک بھر میں پھلوں اور سبزیوں سمیت دیگر اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں میں ہوشرباء اضافہ کر دیا گیا تھا جس کے باعث خصوصاً پھل عوام کی قوت خرید سے باہرہوگئے ۔

اس حوالے سے حکومت اور متعلقہ اداروں نے قیمتوں کو اعتدال میں لانے کے دعوے کئے تاہم نہ صرف دعوے دھرے کے دھرے رہے بلکہ گراں فروشوں نے اپنی چھریاں مزید تیز کرتے ہوئے قیمتیں بڑھا دیں جس کے بعد سوشل میڈیا پر پھلوں کی خریداری کے بائیکاٹ کا پیغام پھیل گیا اس اقدام سے پھلوں کے بیوپاریوں کو قیمتیں کم کرنے پر مجبور کیا جائے گا ادھر پشاور کی ضلعی انتظامیہ بھی قیمتوں کو اعتدال میں لانے میں ناکام ہو چکی ہے ضلعی انتظامیہ کے افسروں کے چھاپے نمائش کی حد تک رہ گئے ہیں جبکہ ڈپٹی کمشنر پشاور بھی ایک دن بازاروں کا دورہ کرنے کے بعد اپنے یخ بستہ دفتر میں بیٹھ گئے ہیں ۔