بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / افغانستان اپنی غلط فہمیاں دور کرے ٗ خواجہ آصف

افغانستان اپنی غلط فہمیاں دور کرے ٗ خواجہ آصف


اسلام آباد۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں گزشتہ روز ہونے والا دھماکہ قابل مذمت ہے‘ ہم شروع سے افغان حکومت سے یہ بات کہہ رہے ہیں کہ دہشت گردوں کا مل کر مقابل کرنا ہوگا‘ افغان حکومت کو چاہئے کہ پاکستان کے ساتھ اپنی غلط فہمیاں دور کرے‘ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو پاکستان کے آئین اور قانون کے مطابق پھانسی کی سزا ہوئی ہے جس پر عمل یقینی بنایا جائے گا‘ صدر مملکت کا پارلیمنٹ سے خطاب جامع تھا۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدر کا خطاب آئینی تقاضا ہے اور نئے پارلیمانی سال کے آغاز پر ہر سال صدر مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے جو قربانیاں دی ہیں وہ مثالی ہیں اور پوری دنیا ان کا اعتراف کرتی ہے۔ کابل میں گزشتہ روز ہونے والا بم دھماکہ قابل مذمت ہے اور پاکستان نے ہمیشہ یہ کوشش کی ہے کہ افغانستان میں امن اور استحکام کی فضا قائم ہو اور ہم نے کابل حکومت کو کئی بار یہ باور کرایا کہ دہشت گردوں کا مل کر ہی مقابلہ کرنا ہوگا اور اسی صورت میں دہشت گردی کا مکمل خاتمہ یقینی ہے۔

بھارتی جاسوس کلبھوشن کے معاملے پر وزیر دفاع نے واضح کیا کہ بھارتی جاسوس کو آئین اور قانون کے مطابق سزا دی گئی ہے اس نے پاکستان میں تخریب کاری کی کارروائیوں میں حصہ لیا اور پاکستان کے آئین اور قانون کے تحت کلبھوشن کی سزا پر عمل کیا جائے گا۔