بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / قبائلی اپنے بچوں کو ضرور تعلیم دلوائیں،کور کمانڈر پشاور

قبائلی اپنے بچوں کو ضرور تعلیم دلوائیں،کور کمانڈر پشاور

جنوبی وزیرستان۔پاک فوج نے بے دریغ قربانیاں دیکر جنوبی وزیرستان میں امن قائم کردیا ہے۔اب امن کو قائم رکھنا محسود قبائل کی زمہ داری بنتی ہے۔دہشت گردی تعلیم کی کمی کی وجہ سے پھیل گئی قبائلی عمائدین قبائلی بچوں کو سکولوں میں بھیجنے کے لئے کردار ادا کریں ۔تاکہ اس علاقے سے جہالت کا خاتمہ کیا جاسکے ۔

ان خیالات کا اظہار کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نزیر احمد بٹ نے گزشتہ دن آرمی پبلک سکول کانی گرم کے افتتاح کے بعد محسود اور برکی قبائل کے عمائدین و مشران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر کور کمانڈر کے ہمراہ جی او سی نائن ڈیو نعمان ذکریا ،کانی گرم کے بریگڈئیر منیر ،جنوبی وزیرستان کے پولیٹیکل ایجنٹ ظفرالاسلام خٹک کے علاوہ دیگر افیسرز بھی موجود تھے۔کورکمانڈر پشاور لیفٹننٹ جنرل نذیر احمد بٹ نے کہا کہ دہشت گردوں نے جنوبی وزیرستان سمیت پوری قبائلی پٹی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا اور یہاں کے معززین کو بھی بے اختیار کرکے اپنی من مانیاں کرررہے تھے۔

پاک فوج نے دہشت گردوں کے خلاف اپریشن شروع کرکے بے دریغ قربانیاں دی اور بہت جلد علاقے میں امن قائم کردیا ۔اب محسود قبائل کی زمہ داری بنتی ہے کہ وہ امن قائم رکھنے کے لئے کردار ادا کریں۔انھوں نے کہا کہ دہشت گردی جہالت کی وجہ سے پھیل گئی اور اس علاقے میں تعلیم کا فقدان نہ ہوتا تو دہشت گردی میں اتنا اضافہ نہ ہوتا ۔انھوں نے قبائلی عمائدین پر زور دیا کہ وہ قبائلی بچوں کو سکول بھیجنے میں کردار ادا کریں۔

کورکمانڈر نے کہا کہ قبائلی عمائدین اور عوام ہمت سے کام لیں۔پاک فوج اور سول انتظامیہ ترقیاتی کاموں کی بھرپور کوشش کررہے ہیں۔اس سے قبل جرگہ کے مشر ملک مسعود عبدلائی نے آرمی پبلک سکول کانی گرم کے افتتاح پر کورکمانڈر پشاور کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ ارمی سکول ایک ایسے علاقے میں کھولاگیا ہے جس کے اردگرد بہت زیادہ ابادی ہے۔انھوں نے کہا کہ سکول اور ہسپتال کسی قوم یا فرد کے نہیں ہوتے ہیں ۔یہ حکومت کے ہوتے ہیں اور اس میں ہرایک داخلہ لے سکتے ہیں۔اس لئے اس سکول کے محل وقو ع پر محسود قبائل مطمئین ہیں۔اور پاک فوج کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔