بریکنگ نیوز
Home / کھیل / شاہینوں نے بھارتی سورماؤں کے شکار کا پلان بنالیا

شاہینوں نے بھارتی سورماؤں کے شکار کا پلان بنالیا

برمنگھم: چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کیخلاف میچ کیلیے پاکستان کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، بیٹنگ لائن کیلیے 10، 100 اوورز کا ’’اے‘‘  پلان مرتب کرلیا گیا۔

چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کو اپنی مہم کا آغاز اتوار کو بھارت کیخلاف میچ سے کرنا ہے، اس معرکے کیلیے گرین شرٹس کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں،گزشتہ روز مہمان کرکٹرز نے ابتدا میں وارم اپ کے بعد شارٹ سپرنٹس اور سخت ٹریننگ سے لہو گرمایا، فیلڈنگ پریکٹس میں مشکل کیچز لینے پرخاص توجہ دی گئی، آمنے سامنے 2قطاروں میں موجود کھلاڑی ایک دوسری کی جانب گیند اچھالتے ہوئے آگے کو بڑھتے جاتے، دیگر ڈرلز کا سلسلہ بھی جاری رہا، بعد ازاں نیٹ میں بھرپور بیٹنگ اور بولنگ پریکٹس کی گئی، بیٹسمینوں نے سنگل اور ڈبلز لینے کی مشق کے ساتھ اسٹروکس بھی کھیلے، پیسرز یارکرز اور شارٹ گیندوں کے حربوں کو آزمانے کیلیے کوشاں رہے جبکہ اس دوران ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے معاون اسٹاف اور کپتان سرفراز احمد کیساتھ مشاورت کا  سلسلہ بھی جاری رکھا۔

معلوم ہوا ہے کہ میگا ایونٹ کے پہلے میچ میں بھارتی ٹاپ آرڈر کو دباؤ میں لانے کیلیے خصوصی پلاننگ کی جارہی ہے، عماد وسیم، شعیب ملک کی موجودگی میں کسی اسپیشلسٹ اسپنر کو پلیئنگ الیون کا حصہ نہ بنائے جانے کا امکان ہے، وہاب ریاض کو پیس بیٹری میں شامل کرنے کا فیصلہ فٹنس اور پچ کی کنڈیشنز دیکھ کر کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق ٹیم منیجمنٹ نے بیٹنگ لائن کیلیے بھی 10، 10 اوورز کا ’’اے‘‘  پلان مرتب کیا ہے جس میں وکٹیں محفوظ رکھتے ہوئے بتدریج رنز کی رفتار بڑھانے کی کوشش ہوگی، بابر اعظم کو اننگز کے آخر تک کریز سنبھالے رکھنے کا ٹاسک دیا گیا ہے تاہم صورتحال دیکھتے ہوئے بیٹنگ آرڈر تبدیل بھی کیا جاسکتا ہے جبکہ ابتدائی بیٹسمینوں کے جلد پویلین لوٹ جانے کی صورت میں پلان ’’بی‘‘ بھی تیار کیا گیا ہے۔