بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / فاٹاممبران کی سیاسی جماعتوں میں شمولیت التواء کا شکار

فاٹاممبران کی سیاسی جماعتوں میں شمولیت التواء کا شکار

پشاور۔فاٹا کے صوبہ میں انضمام کی راہ میں رکاوٹوں کے بعد علاقے سے تعلق رکھنے والے منتخب نمائندوں اور اہم عمائدین کی طرف سے مختلف سیاسی جماعتوں میں شمولیت کے لئے کوششیں ماند پڑگئی ہیں اس سے قبل فاٹا کے ممبران قومی اسمبلی کے مسلم لیگ ن سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات جاری تھے اورفاٹا اصلاحات کی منظوری کے بعد اس حوالے سے اہم پیشرفت متوقع تھی تاہم اب اس سلسلے میں معاملات تاخیر کاشکار ہوگئے ہیں ۔

ذرائع کے مطابق فاٹا سے آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے اراکین قومی اسمبلی نے فاٹا کے صوبہ میں انضمام کے بعد علاقے میں سیاسی جماعتوں کے ممکنہ طورپر بڑھتے عمل دخل کے تناظر میں اپنے اپنے لئے مناسب سیاسی پلیٹ فارم چننے کے لئے مشاورتی عمل میں مصروف تھے مسلم لیگ ن کے علاوہ پی ٹی آئی کے بھی فاٹاکے منتخب ممبران اورعمائدین کے ساتھ رابطوں کاسلسلہ جاری تھا جبکہ فاٹا کے ممبران اسمبلی آپس میں بھی صلاح مشورے میں مصروف تھے ۔
ذرائع کے مطابق ن لیگ کی طرف وزیر اعظم کے مشیر انجنیئر امیر مقام پوری طر ح سے اس سلسلے میں متحرک رہے اور انکی کوشش رہی ہے کہ فاٹا کو آزاد اراکین قومی اسمبلی اورقبائلی عمائدین ن لیگ کے ہمسفر بن جائیں تاہم اب فاٹا اصلاحات و انضمام کی راہ میں رکاوٹوں کے بعدفاٹا کے منتخب ممبران کی سیاسی جماعتوں میں شمولیت کامعاملہ بھی التواء کاشکار ہوگیا ہے اوراس حوالہ سے صورت واضح ہونے پر ہی کوئی پیشرفت متوقع ہے