بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / غیر قانونی بے دخلی ترمیمی بل اتفاق رائے سے منظور

غیر قانونی بے دخلی ترمیمی بل اتفاق رائے سے منظور

اسلام آباد۔سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین سینیٹر عبدالرحمان ملک کی صدارت میں منعقد ہونے والے اجلاس میں غیر قانونی بے دخلی ترمیمی بل 2017کی اتفاق رائے سے منظوری دے کر وزارت داخلہ کو ہدایت دی گئی کہ بل پاس ہونے کے 15دنوں کے اندر کمیٹی میں بھی ترمیم پیش کی جائے۔ہیتھرو ایئرپورٹ لندن ، بینظیر انٹر نیشنل ایئرپورٹ اسلام آباد کی پی آئی اے پروازوں سے منشیات برآمدگی پر بریفنگ لی گئی۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹرعبدالرحمان ملک نے کہا کہ پی آئی اے کی پروازوں سے مسلسل منشیات کی برآمدگی تشویش ناک اورقابل افسوس ہے۔

ایسے واقعات سے ملک اور قوم کی بدنامی ہوئی ہے۔ ایئرپورٹس پر نگرانی کاسخت ترین میکنزم بنایا جائے۔ متعلقہ تمام ادارے آئندہ اجلاس میں ذمہ داران کے تعین ،مقدمے کے اندراج اور ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کریں۔ محسوس ہوتا ہے کہ مجروموں کا منظم گروہ ایئرپورٹس پر موجود ہے اور اداروں کے ملازمین بھی اس میں شامل ہیں۔ ایف آئی اے نے ملک کو بدنام کرنے والوں کے خلاف ابھی تک کارروائی نہیں کی حالانکہ ہم نے فوراً از خود نوٹس لے لیا تھا۔ ایف آئی اے انکوائری شروع کرے ۔ ایف آئی آر کے اندراج میں پوری مدد کریں گے۔ سینیٹر جاوید عباسی نے کہا کہ ایئرپورٹس پر ہر جہاز کی چیکنگ کے لیے الگ با اختیار اتھارٹی ہونی چاہیے۔سینیٹر چوہدری تنویر نے کہا کہ حساس معاملہ ہے ابھی تک ذمہ داروں کا تعین نہیں ہوسکا نہ ہی کوئی گرفتاری ہوئی۔ اداروں کے ملازمین کے ملوث ہوئے بغیر جرم نہیں کیا جاسکتا ۔ ادارے میں موجود کالی بھیڑوں کے علاوہ باہر کے نیٹ ورک کو بھی سامنے لایا جائے۔

اے این ایف حکام نے بتایا کہ یتھرو ایئرپورٹ لندن پر پی آئی اے کے جہاز سے11کلوگرام سے زائد اور بینظیر انٹر نیشنل ایئرپورٹ اسلام آباد پر جہا ز سے 14کلوگرام سے زائد ہیروئن برآمد ہوئی ۔ وزیر اعظم نے اعلیٰ سطح کمیٹی قائم کردی ہے۔کمیٹی کی طرف سے وزیراعظم کے اس اقدام کی تعریف کی گئی ۔ پی آئی اے کے ہر جہاز کو چیک کرکے تمام پروازوں کی 24گھنٹے نگرانی کی جارہی ہے۔ پی آئی اے کے 60ملازمین کی تفتیش کی گئی ہے۔ اے ایس ایف سے سی سی ٹی وی کیمروں میں محفوظ تصاویر بھی مانگی گئی ہیں۔ ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ اسلام آباد پر منشیات جہازکے پچھلے کچن کی چھت کے درمیان موجود خلاء میں سے برآمد ہوئی ۔ کسی ملازم کے بغیر یہ حرکت نہیں کی جاسکتی ۔ یتھروایئرپورٹ لندن سے برآمد ہونے والی منشیات حکومت برطانیہ نے فرانزک ٹیسٹ کے لیے بجھوائی ہے۔ بینظیر انٹر نیشنل ایئرپورٹ اسلام پر تین افغان لڑکیوں کی گرفتاری کے بارے میں ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ پی آئی اے کے دو ملازم بھی انسانی سمگلنگ میں ملوث ہیں۔

تینوں افغان خواتین کے قبضے سے تین مزید جعلی پاسپورٹ برآمد ہوئے ۔ تینوں خواتین پاکستانی نذادبرطانوی شہریوں کے پاسپورٹس کو استعمال کرنا چاہتی تھیں۔ کمیٹی نے ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر رانا عابد اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر راجہ واجد کی کامیاب کارروائی پر تعریفی اسناد دینے کی سفارش کردی ۔سینیٹر جاوید عباسی نے کہا کہ بیرون ملک دور ے کے دوران سوشل میڈیا پر میری تصویر لگا کر غلط خبر چلائی گئی۔ میں نے جیو نیوز سے پوچھا جواب ملا اس چینل نے نہیں چلائی ۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے بھی غلط خبر چلائی گئی۔ سینیٹر چوہدری تنویر نے کہا کہ سائبر کرائم قانون کے تحت کل کتنی شکایات ملیں ، مقدمات درج ہوئے تفصیلات سے آگا ہ کیا جائے۔ ادارے کارکردگی بہتر بنائیں ۔ سینیٹر محمد جاوید عباسی نے اصغر مال کالج راولپنڈی میں 11جنوری 2017کو توقیر عباسی طالبعلم کو قتل کرنے والے مجرم فیضان کی عدم گرفتاری کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ سی پی او راولپنڈی سے کئی بار فون پر خود بات کی ۔

لیکن مجرم گرفتار نہیں ہوا ۔ مقتول طالبعلم کے والد نے کہا کہ 5ماہ گزرگئے ہیں۔ مجرم کو جلد گرفتار کیا جائے۔ ۔چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ15 دن کے اندر مجرم گرفتار ہونا چاہیے۔ اگر کے پی پولیس کی ضرورت ہوتو وزیر اعلیٰ سے بھی مدد کی درخواست کریں گے۔ سی پی او راولپنڈی نے بتایا کہ تین ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں۔ 5گرفتار ملزموں میں سے دو کی ضامنتیں ہوگئی ہیں ۔ تین جوڈیشنل ریمانڈ پر ہیں۔ فیضان ابھی تک گرفتار نہیں ہوسکا ۔ چیلاس ، گلگت بلتستان چھاپہ مارا گیا لیکن فیضان فرار ہوگیا۔ ایبٹ آباد میں بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔ جلد گرفتار کرلیں گے ۔ کمیٹی اجلاس میں سینیٹرزچوہدری محمد تنویر ، محمد جاوید عباسی کے علاوہ وزیر مملکت بلیغ الرحمان ،وزارت داخلہ ،اے این ایف ، ایف آئی اے کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔