بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / خاتون نے تین بیٹیوں سمیت خودکشی کرلی

خاتون نے تین بیٹیوں سمیت خودکشی کرلی


ملتان۔ملتان میں غربت اور گھریلو جھگڑے پرخاتون نے تین بیٹیوں سمیت نہر میں کود کر خودکشی کرلی ،خاتون اور اس کی تینوں بیٹیوں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ الپہ کی حدود میں ملتان کے علاقے جھوک وینس پل کھاول کی رہائشی خاتون کا کسی بات پر اپنے خاوند سے جھگڑا ہوا جس کے بعد فوزیہ نامی خاتون نے غصے میں آکر اپنی 3بیٹیوں کو ساتھ لے کرنہر میں کود گئی۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے ریسکیو اہلکاروں کی مدد سے نہر میں چھلانگ لگانے والی خاتون اور اس کی تینوں بیٹیوں مہناز ،رابعہ اورصبیحہ کی لاشیں ہیڈنواب پور کے قریب نہرسے نکال لیں۔خاتون فوزیہ کی عمرتیس سال جبکہ اس کی بیٹیوں کی عمر4سے7سال بتائی جارہی ہے۔7سالہ صبیحہ کی لاش جمعہ کے روز جلالپورقاضیاں کے علاقے سے ملی۔

پولیس ذرائع کا مزید کہنا کہ نہر سے نکالی جانے والی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ خودکشی کے واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہے۔دوسری طرف خاتون کے شوہر عرفان نے تفتیش میں بیان ریکارڈ کرایا ہے کہ غربت کی وجہ سے گھر میں جھگڑا رہتا تھا جبکہ خاتون کے والدین اور اہل علاقہ نے خاتون اور اس کی بیٹیوں کے قتل کا شبہ ظاہر کیا ہے،تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔