بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / پاکستان افغان مہاجرین کا سب سے بڑا میزبان

پاکستان افغان مہاجرین کا سب سے بڑا میزبان


اسلام آباد ۔ امریکہ کی نائب معاون وزیر خارجہ برائے آبادی، مہاجرین و نقل مکانی نینسی ایزو جیکسن نے کہا ہے کہ دنیا میں سب سے بڑے پیمانے پر افغان مہاجرین کی میزبانی میں پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے،امریکہ انسانی بنیادوں پر اس معاونت میں پاکستان کیساتھ شریک ہے،پاکستان امریکہ قریبی دوست اور شراکت دار ہیں۔جمعہ کو امریکی سفارتخانے کے مطابق یہ باتیں انہوں نے 31 مئی سے3ِ جون تک پاکستان کے دورہ کے موقع پر کہیں۔ دورے کے دوران انہوں نے افغان تنازع کے متاثرین کے لئے انسانی بنیادوں پر امداد کے پائیدارامریکی عزم کا اعادہ کیا اور دنیا کی سب سے بڑی اور انتہائی محفوظ پناہ گزین آبادیوں میں سے ایک کی میزبانی میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ انہیں یہ بات کہتے ہوئے فخر ہے کہ امریکہ انسانی بنیادوں پر اس معاونت کے عزم میں پاکستان کے ساتھ شریک ہے۔ ہماری قومیں آپس میں دوست ہیں، ہم شراکت دار ہیں اور اس مقصد کے لئے اس یقین کے ساتھ ایک دوسرے کے ساتھ شریک ہیں کہ تشدد، ظلم وستم یا تنازع سے متاثر ہونے والوں کی مدد کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔پاکستان میں قیام کے دوران نینسی ایزو جیکسن نے ریاستوں اور سرحدی امور(سیفران) کے وزیر عبدالقادر بلوچ، وزیر برائے انسانی حقوق کامران مائیکل ،سیکریٹری داخلہ طارق محمود خان، بلوچستان اور خیبرپختونخواکے وزرائے تعلیم، پاکستان میں افغانستان کے ناظم الامور ، عالمی بینک اور اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزین (یو این ایچ سی آر) کے حکام سے ملاقاتیں کیں۔ انھوں نے راولپنڈی میں پروف آف رجسٹریشن کارڈ موڈیفکیشن سینٹر میں افغان پناہ گزینوں سے بھی ملاقات کی۔

امریکہ نے مالی سال2016 اور روان مالی سال 2017 میں اب تک انسانی ہمدردی کی بنیاد پر خطے میں افغان پنا ہ گزینوں، وطن واپس جانیوالے پنا ہ گزینوں اور میزبان آبادیوں کو پچیس ارب سینتالیس کروڑ اور چھتیس لاکھ روپے فراہم کئے ہیں۔ امریکہ دنیا میں یو این ایچ سی آر کو اعانت فراہم کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے، اس کے علاوہ یہ غیر سرکاری تنظیموں کو بھی اعانت فراہم کرتا ہے۔ نینسی ایزو جیکسن نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں بے گھر ہونے والے افراد کا خیال رکھنے کی ذمہ داری کسی ایک ملک، ایک کمیونٹی اور ایک فرد سے پوری کرنے کی توقع نہیں کی جاسکتی اور مجھے اس بات پر فخرہے کہ امریکہ اس شعبے میں یو این ایچ سی آر اورسات مختلف این جی اوز کے ساتھ کام کررہا ہے جن میں دو پاکستانی تنظیمیں بھی شامل ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ جہاں امدادکی سب سے زیادہ ضرورت ہے وہاں اعانت فراہم کی جاسکے۔