بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / سفارتی تنازعہ مذاکرات سے حل کیا جا سکتا ہے‘ قطر

سفارتی تنازعہ مذاکرات سے حل کیا جا سکتا ہے‘ قطر


دوحہ۔قطر نے سعودی عرب اور مصر سمیت 5 عرب ممالک کی جانب سے اس کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے کے اعلان کے بعد سفارتی تنازع کو ختم کرنے کے لیے مذاکرات پر زور دیا ہے۔قطر کے وزیرِ خارجہ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے الجزیرہ ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ تمام ممالک کو بیٹھ کر مذاکرات کے ذریعے اپنے اختلافات دور کرنے چاہئیں۔ قطری وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم قطر کے خلاف پیدا ہونے والے حیران کن تنازعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔ ہم اس بحران کے حقیقی وجوہات کے بارے میں نہیں جانتے۔ اگر اس بحران کے پیچھے اصل وجوہات تھیں تو ان پر گزشتہ ہفتے جی سی سی کے ہونے والے اجلاس میں بات چیت یا بحث کی جا سکتی تھی تاہم اس اجلاس میں اس بارے میں کوئی بات چیت یا بحث نہیں کی گئی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ریاض میں ہونے والے امریکی اسلامی عرب سمٹ میں بھی اس حوالے سے کچھ نہیں کہا گیا۔ ان اجلاسوں میں ایسا کچھ بھی تھا تو ہمارے پاس اس بحران کے پیدا ہونے کا کوئی اشارہ نہیں۔ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ اس بحران کے بعد قطر کے امیر شیخ تمیم خطاب کرنے والے تھے تاہم انھیں کویت کے امیر نے فون کر کے اس بحران کو حل کرنے کے لیے اس خطاب کو ملتوی کرنے کا کہا۔شیخ محمد نے کہا کہ قطر کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات غیر معمولی اور یکطرفہ ہیں۔

ہم قطر میں ایسی نوعیت کا کوئی قدم نہیں اٹھاتے کیونکہ ہمیں یقین ہے کہ مذاکرات کے ذریعے کوئی بھی مسئلہ حل کیا جا سکتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا ‘ہمیں افسوس ہے کہ جی سی سی میں شامل کچھ افراد قطر پر اپنی خواہش نافذ کرنا چاہتے یا اس کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرنا چاہتے ہیں جسے ہم مسترد کرتے ہیں۔ تاہم ہمارا خیال ہے کہ اس نے جی سی کے کردار پر ایک بڑا سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔