بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / ٹریفک کی ڈیوٹیاں شفٹوں میں تقسیم

ٹریفک کی ڈیوٹیاں شفٹوں میں تقسیم


پشاور۔صوبائی دارالحکومت پشاورمیں ٹریفک وارڈن پولیس نے رمضان المبارک کے ایام میں ٹریفک کی روانی کو برقراررکھنے اور عوام کو ٹریفک کی مد میں سہولیات فراہم کرنے کیلئے پلان تشکیل دیدیا جس کے تحت ٹریفک وارڈن پولیس کوتین شفٹوں میں تبدیل کرکے 160سے زائد پولیس اہلکاروں کو تعینات کرنے کے ساتھ ساتھ رائیڈرز،فورلفٹراور موبائل بھی افطاری کے بعد بازاروں میں گشت کرے گی۔

ایس ایس پی ٹریفک پشاور یاسر آفریدی نے ٹریفک پولیس افسران کے اجلاس اور بعدازاں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ رمضان المبارک کا دوسرا عشرہ شروع ہوچکاہے اور اس کے ساتھ ہی بازاروں میں رش بھی بڑھ گیاہے اور اسی لئے عوام کو تکالیف سے بچانے کے لئے ٹریفک وارڈن پولیس کو پورے پشاور میں تعینات کردیا گیاہے اور اس کے ساتھ ساتھ ٹریفک وارڈن پولیس کے ایمرجنسی نمبرات کے علاوہ 1915 پر کال کرکے شہری کسی بھی پریشانی سے بچ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ٹریفک وارڈن کی نفری ہرسال رمضا ن المبارک کے آخری عشرے میں تعینات کی جاتی ہے لیکن اس بار عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے دوسرے عشرے سے ہی نفری کو تعینات کردیاگیاہے اور اس کے لئے ٹریفک وارڈن کی تین شفٹیں کردی گئی ہے جس میں پہلی شفٹ صبح سات بجے سے ایک بجے تک،دوسری شفٹ ایک بجے سے سات بجے تک جبکہ تیسری شفٹ رات آٹھ بجے سے ایک بجے تک تعینات ہوگی ۔

اسی طرح گیارہ ٹریفک موبائل اور بیس سے زائد رائیڈر موجودہونگے جو کہ مسلسل بازاروں میں گشت کریں گے اور نوپارکنگ یا غلط کھڑی گاڑیوں کو ہٹانے کے لئے سٹی ،کینٹ ،ٹاؤن اور حیات آباد میں ہربازاروں میں فورلفٹر موجودہونگے انہوں نے کہاکہ آئی جی پی خیبرپختونخواء کے احکامات بھاری جرمانوں کی بجائے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر صرف معمولی جرمانے کئے جارہے ہیں اورہماری عوام سے یہ اپیل ہے کہ وہ ٹریفک پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔