بریکنگ نیوز
Home / کھیل / چیمپئنز ٹرافی :سری لنکا نے بھارت کو 7وکٹوں سے پچھاڑدیا

چیمپئنز ٹرافی :سری لنکا نے بھارت کو 7وکٹوں سے پچھاڑدیا

چیمپئنز ٹرافی گروپ بی میں آج کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے دفاعی چیمپئن بھارت کو سات وکٹوں سے ہرا کر اپنی پوزیشن مضبوط کرلی۔سری لنکا کی کامیابی کے بعد اب اس گروپ میں سیمی فائنل میں پہنچنے کے حوالے سے ایک دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔آئی لینڈر بیٹسمین کوشل مینڈس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سری لنکا کی ٹیم نے 48اعشاریہ چار اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر بھارت کی جانب سے دیا گیا 321کا ہدف حاصل کرلیا۔اس سے قبل سری لنکن کپتان میتھوز نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

جس پر بھارت نے اپنے مقررہ پچاس اوورز میںچھ وکٹوں کے نقصان پر 321رنز بنائے جس میں دھاون کے 125،روہت شرما 78اور دھونی 63قابل ذکر بیٹسمین تھے۔

جواب میں سری لنکا کی ٹیم نے بھارت کے پہاڑ جیسے مجموعے کے تعاقب میں صرف گیارہ پر پہلی وکٹ کھودی ۔ اس صورتحال کے بعداوپنرگونتھی لکا76اورون ڈائون مینڈس 89کے درمیان 159کی شاندار شراکت قائم ہوئی، اور یہی شراکت آئی لینڈرز کی فتح کی بنیاد رکھ گئی ۔

بعدازاں کوشل پریرا47نے اس ردھم کو جاری رکھا۔میچ کے آخری حصے میں سری لنکا کے کپتان اینجلو میتھوز52اورآسیلا گونارتنے 34نے اپنی وکٹیں کھوئے بغیر وکٹ پر موجود رہتے ہوئے اپنی ٹیم کی کامیابی کو یقینی بنایا۔اور مطلوبہ ہدف آٹھ بالز قبل ہی حاصل کرلیا۔

بھارتی بولرز اور فیلڈر ز سری لنکن بیٹسمینوں کے سامنے بے بس نظر آئے اور کسی بھی موقع پر ایسا نہیں لگا کہ وہ آئی لینڈرز پر حاوی ہوگئے ہوں۔بھارت کی جانب سے صرف بھونیشور کمار ہی ایک وکٹ لے پائے، جبکہ سری لنکا کے دوبیٹسمین رن آئوٹ ہوئے