بریکنگ نیوز
Home / دلچسپ و عجیب / بکری مالک کے ہزاروں روپے کھا گئی

بکری مالک کے ہزاروں روپے کھا گئی

الہ آباد: بھارتی ریاست اتر پردیش کے ایک گاؤں میں بکری اپنے مالک کے 66 ہزار روپے کے نوٹ کھا گئی۔

مقامی میڈیا کے مطابق سروش کمار نامی کسان نے یہ رقم گھر کی تعمیر و مرمت کے لیے رکھی تھی۔ سروش نے بتایا کہ اس کی بکری کاغذ کھانے کی بہت شوقین ہے جو اس کے دو دو ہزار روپے کے 33 نوٹ کھا گئی۔

سروش کے مطابق گزشتہ روز جب وہ نہانے کے لیے غسل خانے گیا تو بکری نے موقع پاکر پینٹ کے جیبوں میں رکھے نوٹ نکال کر چبا ڈالے۔

سروش نے بتایا کہ وہ غسل خانے سے باہر نکلا تو صورت حال دیکھ کر اس کے ہاتھ پاؤں پھول گئے۔ اس نے فورا بکری کے منہ سے نوٹ نکالنے کی کوشش کی لیکن صرف دو نوٹ ہی بڑی مشکل سے ہاتھ آسکے۔ اس نے یہ بتایا کہ یہ بکری اسے اپنے بچوں کی طرح عزیز ہے اس لیے وہ اسے مار بھی نہیں سکتا۔

66 ہزار روپے کھانے والی بکری کا واقعہ آس پاس کے علاقے میں مشہور ہوگیا اور لوگ نہ صرف دور دور سے اسے دیکھنے کے لیے آ رہے ہیں بلکہ اس کے ساتھ سیلفیاں بھی لے رہے ہیں۔

پڑوسیوں نے سروش کو مشورہ دیا ہے کہ بکری کو دواؤں سے قے کراکے نوٹ واپس نکلوانے کی کوشش کرے، یا پھر قصائی کے ہاتھوں فروخت کرکے اسے اب مزید اپنے پاس نہ رکھے۔