بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / پاکستان خلیج بحران کے حل میں اپنا کردار ادا کرے ٗ رضا ربانی

پاکستان خلیج بحران کے حل میں اپنا کردار ادا کرے ٗ رضا ربانی

کراچی ۔ قائم مقام صدر مملکت میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ صوبائی خودمختاری یا 18ویں ترمیم کو رول بیک کیا گیا تو وفاق پر غلط اثرات مرتب ہوں گے ۔18ویں ترمیم کے کچھ نکات پر عمل ہوا ہے باقی پر عملدرآمد کے لئے سی سی آئی سمیت دیگر فورمز پر آواز اٹھانی چاہیے ۔اسلامی ممالک کو گروہی اختلافات میں الجھایا جارہا ہے ۔پاکستان کو سعودی عرب اور قطر تنازع میں فریق بننے کی بجائے اسلامی ممالک میں اختلافات دور کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔ریاست غریب عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔خوشی ہے کہ ایدھی فاؤنڈیشن ان لوگوں کے لیے کام کررہی ہے جوریاست اور اشرافیہ کو نظر نہیں آتے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو سندھ اسمبلی میں ایدھی فاؤنڈیشن کو سینیٹ کی جانب سے 3ایمبولینس گاڑیاں دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی ،سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ،سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو ،ایدھی فاؤنڈیشن کے ٹرسٹی فیصل ایدھی اور دیگر بھی موجود تھے ۔فیصل ایدھی نے نے قائم مقام صدر رضا ربانی اور سابق وزیر اعلی قائم علی شاہ اور دیگر کو ایدھی صاحب کا یادی گاری سکہ پیش کیا ۔قائم مقام صدر میاں رضاربانی نے کہا کہ سینیٹ کی جانب سے ایدھی فاؤنڈیشن کو 3 ایمولینس گاڑیاں دی جا رہی ہیں۔ ریاست غریب لوگوں کا کام پورا کرنے میں ناکام گئی ہے۔

ریاست کا کام ایدھی ٹرسٹ کر رہا ہے ۔مجھے بے انتہاء خوشی ہے کہ ایدھی ٹرسٹ ان لوگوں کے لئے کام کر رہا ہے جو لوگ ریاست اور اشرافیہ کو نظر نہیں آتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت مسلم امہ کی صورت حال افسوسناک ہے ۔60فیصد مسلم امہ کے لوگ غریب کی لکیر سے نیچے زندگی گذار کررہے ہیں ۔20لاکھ افراد دہشت گردی اور جنگوں میں شہید ہوئے ہیں ۔جبکہ 50ملین مسلمان پناہ گزین کی زندگی گذارنے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اسلامی ملکوں کو گروہی اختلافات میں الجھایا جارہا ہے۔مسلم ممالک میں غربت اور ناخواندگی میں اضافہ ہورہا ہے ۔مسلم امہ آپس میں دست و گریباں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ،قطر اور دیگر اسلامی ممالک کو بات چیت کے ذریعہ اپنے مسائل حل کرنے ہوں گے ۔پاکستان مسلم امہ میں اہمیت رکھتا ہے ۔اس کو چاہیے کہ وہ اس معاملے میں فریق نہ بنے بلکہ مسلم امہ اختلافات دور کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے ۔

سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ پاکستانی پارلیمنٹ نے ایک قرارداد منظور کی ہے جس میں ایرانی پارلیمنٹ پر دہشت گرد حملے کی مذمت کی گئی ہے ۔پاکستان کی پارلیمنٹ ایران کی پارلیمان کے ساتھ کھڑی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کے سینیٹرنہال ہاشمی کے استعفیٰ کے حوالے سے تفصیلات صدر مملکت ممنون حسین کی وطن واپسی کے بعد بتاؤں گا کہ کن وجوہات کی بناء پر ان کا استعفیٰ منظور نہیں کیا گیا ہے ۔میاں رضاربانی نے کہا کہ صوبائی خودمختاری یا 18ویں ترمیم کو رول بیک کیا گیا تو وفاق پر غلط اثرات مرتب ہوں گے ۔

18ویں ترمیم کے کچھ نکات پر عمل ہوا ہے باقی پر عملدرآمد کے لئے سی سی آئی سمیت دیگر فورمز پر آواز اٹھانی چاہیے ۔اس موقع پر فیصل ایدھی نے چیئرمین سینیٹ اور سینٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ کی جانب سے دی جانے والی ایمبولینس فائدہ براہ راست عوام تک پہنچے گا ۔یہ انتہائی خوشی کی بات ہے کہ ارکان پارلیمنٹ کو عوام کے مسائل کا ادراک ہے اور وہ اس کے حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں ۔