بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / پانامہ جے آئی ٹی کا بھی سپریم کورٹ میں رجوع

پانامہ جے آئی ٹی کا بھی سپریم کورٹ میں رجوع


اسلام آباد۔پانامالیکس کیس کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی جس میں عدالت عظمی کو تحقیقات میں درپیش رکاوٹوں اور دھمکیوں سے آگاہ کر دیا گیاہے ۔ ذرائع کے مطابق ہفتہ کوسربمہر درخواست جے آئی ٹی کے ماتحت عملہ نے رجسٹرار آفس میں جمع کرائی ،یاد رہے کہ 7جون کو جے آئی ٹی نے پاناما تحقیقات کی نگرانی کرنے والے بینچ کے سامنے دوسری تحقیقاتی رپورٹ پیش کی تھی جس میں ٹیم کو درپیش رکاوٹوں کا ذکر کیا گیا تھا جس پرعدالت عظمی نے ٹی کے سربراہ واجد ضیاکو معاملے پر الگ درخواست دینے کی ہدایت کی تھی جبکہ حسین نواز کی تصویر لیک ہونے کے معاملے پر بھی جے آئی ٹی سے تحریری جواب طلب کیا تھا ۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روزمشکلات کے حوالے سے درخواست جے آئی ٹی کا ماتحت عملہ سپریم کورٹ لیکر آیالیکن حسین نواز کی تصویر کے معاملہ پر تحریری جواب جمع نہیں کرایا گیا ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی تصویر کے حوالے سے جواب سوموار کی صبح جمع کرائے گی ۔ دریں اثناایڈیشل ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیاکی سربراہی میں پاناما لیکس مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا اجلاس جوڈیشل اکیڈمی اسلام آباد میں ہوا ذرائع کے مطابق اجلاس میں جے آئی ٹی کو درپیش سیکورٹی خدشات ، دباو اور رکاوٹوں کے حوالے سے تیار کی گئی درخواست پر مشاورت کی گئی ، سپریم کورٹ کے حکم پر جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیااورٹیم کے رکن عرفان نعیم منگی نے درخواست تیار کی ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ درخواست میں جے آئی ٹی کو تفتیش میں درپیش مسائل، اراکین پر تنقید ، بیرونی دباو اور اراکین کے اہلخانہ کی پریشانیوں کا تذکرہ ہے۔