بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / افغان سیکورٹی فورسز آپریشن،  طالبان کے 5اہم رہنماؤں سمیت 77جنگجوہلاک ، 110 زخمی

افغان سیکورٹی فورسز آپریشن،  طالبان کے 5اہم رہنماؤں سمیت 77جنگجوہلاک ، 110 زخمی

کابل ۔افغان سیکورٹی فورسز کے صوبہ قندوز میں آپریشن کے دوران طالبان کے 5اہم رہنماؤں سمیت 77جنگجوہلاک اور 110 زخمی ہوگئے جبکہ دہشتگردوں کے 19ٹھکانوں اور 11گاڑیوں کو بھی تباہ کردیا گیا۔اتوار کو افغان خبررساں ادارے ’’خاماپریس ‘‘ کے مطابق افغان نیشنل آرمی کی 209ویں شاہین کور کے کمانڈر جنرل امان اللہ مبین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع امام صاحب میں کیے گئے کلیرنس آپریشن میں طالبان کے بعض اہم رہنماؤں سمیت 77جنگجو مارے گئے ۔ہلاک ہونے والے طالبان رہنماؤں میں قاری عتیق اللہ ،قاری قادراللہ ،گل ولی،ملا عبدالرحیم اور شفیق اللہ شامل ہیں۔

آپریشن کے دوران 110طالبان جنگجو زخمی ہوئے جبکہ انکے 19ٹھکانوں کو تباہ کردیا گیا۔جنرل مبین نے بتایاکہ آپریشن کے دوران طالبان کی 11گاڑیوں کو تباہ کردیا گیا جبکہ ایک کلینک کو بھی نقصان پہنچا۔دوسری جانب امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق گزشتہ روز افغان کمانڈوکی فائرنگ سے 3 امریکی فوجی ہلاک ہوگئے ۔فائرنگ کا یہ و اقعہ ضلع آچن میں پیش آیا جہاں امریکی سپیشل فورسز افغان فوجیوں کے ساتھ مل کر داعش اور افغان طالبان کے خلاف لڑ رہی ہیں۔

صوبہ ننگرہار کے گورنر کے ترجمان عطااللہ خوگیانی نے بتایا کہ حملہ آور کمانڈو بھی اس واقعہ میں ہلاک ہو گیا۔ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ فائرنگ کیوں کی گئی۔ اس بارے میں تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔کابل میں امریکی فوجی کمانڈ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہمیں یہ خبر مل گئی ہے لیکن ابھی ہم اس کی تفصیلات کی تصدیق نہیں کر سکتے۔طالبان کے ترجمان ذبح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ حملہ آور عسکریت گروپ کا رکن تھا اور اس نے 4 امریکیوں کو ہلاک اور کئی ایک کو زخمی کیا۔