بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / تھائی شہری کو فیس بک پوسٹ پر 35 سال قید کی سزا

تھائی شہری کو فیس بک پوسٹ پر 35 سال قید کی سزا


فیس بک پر ایک پوسٹ کے نتیجے میں ایک شخص کو 35 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

یہ واقعہ تھائی لینڈ میں پیش آیا جہاں ایک فیس بک صارف کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شاہی خاندان کی توہین کرنے پر 35 سال قید کی سزا سنائی گئی اس شخص کی شناخت محض Wichai بتائی گئی ہے جس نے مبینہ طور پر 10 تصاویر، ویڈیو اور کمنٹس فیس بک پر پوسٹ کیے تھے جو کہ تھائی لینڈ کے شاہی خاندان پر تنقید کے حوالے سے نافذ سخت قوانین کی خلاف ورزی قرار پائے۔ 33 سالہ شخص پر یہ بھی الزام تھا کہ اس نے اپنی پوسٹ کے لیے ایک ‘فراڈ’ اکاﺅنٹ کا دانستہ طور پر استعمال کیا جس پر اس نے اپنے ایک سابق دوست کی آئی ڈی نقل کی تھی جس سے اس کا جھگڑا چل رہا تھا۔ Wichai نے ابتدا میں الزامات کی تردید کی مگر جیل میں ایک سال سے زائد عرصہ گزارنے کے بعد اس نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا۔

اس مقدمے کا فیصلہ آج ایک فوجی عدالت نے سنایا، پہلے خیال کیا جارہا تھا کہ ملزم کو 70 سال کی سزا سنائی جائے گی تاہم اسے کم کرکے 35 سال کردیا گیا۔ مگر پھر بھی یہ تھائی قوانین میں ایک ریکارڈ سزا ہے جسے اقوام متحدہ نے بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون کے خلاف قرار دے رکھا ہے۔ اسی طرح کے ایک مقدمے میں ایک اور شخص کو تھائی بادشاہ کے خلاف ایک ریڈیو پروگرام میں کلپ چلانے پر ڈھائی سال کی سزا سنائی گئی تھی۔ اسی طرح 2015 میں ایک خاتون کو فیس بک پر بادشاہ کی مبینہ توہین پر سات سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔اسی طرح 2016 میں ایک تھائی شہری کو بھی اسی جرم پر چھ سال قید کی سزا سنائی گئی۔

واضح رہے کہ تھائی لینڈ میں قانون کے تحت بادشاہ کے خلاف بیان بازی کو توہین آمیز قرار دے کر قید کی سزا دی جاسکتی ہے۔