بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / ریپڈ بس کا ڈیزائن اور روٹ تبدیل

ریپڈ بس کا ڈیزائن اور روٹ تبدیل

پشاور۔خیبرپختونخوا حکومت کے میٹرو طرز پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی )منصوبے کے فیز ٹو روٹ کو ناقابل عمل قرار دیدیا گیا ہے جس کے بعد منصوبے کے ڈیزائن کو تبدیل کرکے ریپڈ بس کا روٹ بھی تبدیل کر دیا گیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق منصوبے کے فیز ٹو کا ڈیزائن قلعہ بالا حصار کی عقبی دیوار سے متصل ہسپتال روڈ سے ہوتے ہوئے طورہ قل بائے روڈ ٗ خیبر بازار ٗ سوئیکارنو چوک اور شعبہ کے بعد کینٹ ریلوے اسٹیشن ٗ صدر روڈ سے ہو کر امن چوک تک تھا تاہم کنسلٹنٹ نے ہسپتال روڈ ٗ طورہ قل بائے اور خیبر بازار میں ریپڈ بس ٹریک کو ناقابل عمل قرار دیا ہے جس کے بعد منصوبے کے فیز ٹو کے روٹ میں تبدیلی کی گئی ہے

نئے ڈیزائن میں فیز ٹو میں شامل ہسپتال روڈ ٗ طورہ قل بائے اور خیبر بازار کو ختم کر دیا گیا ہے جس کے بعد فیز ٹو کا آغاز ملک سعد فلائی اوور سے ہوگا جو سوئیکارنو چوک سے ہوتے ہوئے شعبہ چوک ٗ کینٹ ریلوے اسٹیشن ٗ صدر روڈ اور پھر امن چوک تک مکمل کیا جائے گا واضح رہے کہ منصوبے کیلئے ٹینڈر 19جون کو کھولے جائیں گے ۔

منصوبے کی تعمیر کیلئے 6 غیر ملکی کمپنیوں نے بھی دلچسپی ظاہر کی ہے ٗ منصوبے پر 53ارب روپے اخراجات آئیں گے جس کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک قرضہ دیگا منصوبے پر کام کا آغاز یکم اگست سے متوقع ہے جو 240دنوں میں مکمل ہوگا بی آر ٹی منصوبے کے تحت 380 بسیں چلائی جائیں گی روٹ کی لمبائی 30کلو میٹر تک ہوگی جبکہ اس کے ساتھ مجموعی طور پر 50کلو میٹر تک رابطہ سڑکیں بھی تعمیر کی جائیں گی ۔