بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / وزیر اعظم کی پیشی کیلئے سکیورٹی پلان مرتب

وزیر اعظم کی پیشی کیلئے سکیورٹی پلان مرتب


اسلام آباد۔وزیر اعظم نواز شریف کی پاناما کیس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیشی کے لئے سیکیورٹی پلان مرتب کردیا گیا ہے ،جمعرات کو وزیر اعظم کی آمد کے موقع پر جوڈیشل اکیڈمی اور اس سے ملحقہ علاقہ سیل کر دیا جائے گا،سیکیورٹی کے تین حصار ہو نگے ۔وزیر اعظم نواز شریف پاناما کیس کی تحقیقات کے لئے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے واجد ضیا کی سربراہی میں قائم چھ رکنی جے آئی ٹی کے سامنے جمعرات کو پیش ہونگے۔

پولیس نے وزیر اعظم کی جوڈیشل اکیڈمی آمد کے لئے سیکیورٹی پلان مرتب کر لیا ہے،جوڈیشل اکیڈمی اور ارد گرد کا علاقہ سیل کیا جائے گا ،جوڈیشل اکیڈمی کے ارد گرد سیکیورٹی کے تین حصار ہونگے ،پولیس کی معاونت کے لئے انسداد دہشت گردی سکواڈ کے کمانڈوز تعینات کئے جائیں گے ، جوڈیشل اکیڈمی کی طرف جانے والوں راستے بند کئے جائیں گے ، سیاسی کارکنو ں کو سیکٹر ایچ ایٹ نہیں جانے دیا جائے گا،جوڈیشل اکیڈمی کے ملازمین کو وزیر اعظم کی آمد اور روانگی کے وقت دفتروں تک محدود کر دیا جائے گا، ایس ایس پی آپریشنز اور ایس ایس پی سیکیورٹی موقع پر موجود رہیں گے ،دوسری طرف سی ڈی اے نے بھی وزیر اعظم کی آمد کے پیش نظر سیکٹر ایچ ایٹ میں سڑکوں کی مرمت اورصفائی کا سلسلہ شروع کر دیا ہے جبکہ وزیر اعظم کی حمایت میں ریڈ زون ، ایکسپریس وے اور سیکٹر ایچ ایٹ میں بینرز آویزاں کر دیے گئے ہیں۔