بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / قطر میں دودھ کی فراہمی کیلئے خاص اعلان

قطر میں دودھ کی فراہمی کیلئے خاص اعلان


دوحہ۔بعض عرب ممالک کی جانب سے سفارتی تعلقات کی بندش کے بعد ایک قطری تاجر نے چار ہزار گائے بذریعہ ہوائی جہاز قطر پہنچانے کا اعلان کیا ہے تاکہ دودھ کی فراہمی میں تعطل پیدا نہ ہوسکے۔بلوم برگ نیوز ایجنسی کی ایک رپورٹ کے مطابق قطر ایئر ویز کی 60خصوصی پروازوں کے ذریعے دودھ دینے والی چار ہزار گائیں قطر پہنچائی جائیں گی۔قطر کے تاجر موتاز الخیاط نے یہ گائیں امریکا اور آسٹریلیا میں خریدیں تھیں۔

بلوم برگ کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا وقت آگیاہے کہ اب قطر کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے بتایا کہ وہ پہلے ہی سمندری راستے کے ذریعے گائیں درآمد کرنے کی منصوبہ بندی کر چکے تھے مگر گزشتہ دنوں سعودی عرب و دیگر ملکوں سے تنازع کے بعد گائیں جلد قطر پہنچانے کا فیصلہ کیا گیاہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس ماہ کے آخر تک گائے کا دودھ قطر کی مارکیٹوں میں پہنچنا شروع ہو جائے گا۔الخیاط کا بنیادی کاروبار تعمیرات کا ہے۔ ان کی کمپنی نے قطر کا سب سے بڑا شاپنگ مال تعمیر کیا تھا۔ یہ کمپنی اب دوحہ کے شمال سے 31 میل دور ایک بہت بڑا زرعی فارم بنا رہی ہے۔اس فارم سے بکریوں کا دودھ اور گوشت حاصل کیا جا رہا ہے۔