بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / خیبر پختونخوا میں سستی بجلی پیدا کرنے کیلئے اقدامات شروع

خیبر پختونخوا میں سستی بجلی پیدا کرنے کیلئے اقدامات شروع

سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ملک میں توانائی کی قلت کے پیش نظر صوبائی حکومت مربوط حکمت عملی کے تحت کم لاگت اور متبادل ذرائع کو استعمال میں لاکر توانائی کی کمی کوپورا کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔یونین کونسلوں کی سطح پر سولر لائٹس کی تنصیب اور صوبے کی0 400 مساجد کی سولرائزیشن کے علاوہ زرعی اور آبنوشی کے ٹیوب ویلوں کوبھی سولربجلی پر منتقل کرنے کے لئے بجٹ 2017-18 میں اربوں روپے کے خطیر فنڈز مختص کئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع صوابی کی تحصیل ٹوپی میں یونین کونسل ہملٹ میں سولر لائٹس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر تحصیل ناظم ٹوپی سہیل یوسفزئی، تحصیل ناظم چھوٹا لاہور سہیل خان،پی ٹی آئی صوابی کے ضلعی رہنما حاجی رنگیز خان کے علاوہ تحصیل و ڈسٹرکٹ کونسلرز کے علاوہ علاقہ عمائدین بھی موجود تھے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت صوبائی وسائل سے توانائی پیداوار کے متعدد منصوبوں پر کام کر رہی ہے جس کی تکمیل سے نہ صرف صوبے کی توانائی کی ضروریات پوری ہوسکیں گی بلکہ صوبہ اضافی بجلی دیگر صوبوں کو بھی فروخت کر نے کے قابل ہوجائے گا۔اسد قیصر نے کہا کہ حکومت توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے اورمتبادل ذرائع سے سستی بجلی پیدا کرنے کے لئے سولر ٹیکنالوجی کو استعمال میں لارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ صوبے کی 4ہزار مساجد کی سولرائزیشن کے علاوہ پسماندہ اوربارانی علاقوں میں زرعی اور آبنوشی ٹیوب ویلوں کوبتدریج سولربجلی پر منتقل کرنے کے لئے حکومت نے کثیر فنڈز مختص کئے ہیں۔

سپیکر نے مزید کہا کہ گزشتہ 4 سالوں میں ضلع صوابی سمیت صوبے کی بیشتر یونین کونسلوں میں کروڑوں روپے کی لاگت سے سولر لائٹس کی تنصیب مکمل کی گئی۔انہوں نے کہا کہ ضلع صوابی کی تمام یونین کونسلوں میں سولر لائٹس اور سولر ٹیوب ویلوں کی تنصیب کے لئے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی فلاح وبہبود اورصوبے کی ترقی و خوشحالی کے لئے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کارلارہی ہے۔قبل ازیں سپیکر اسد قیصر نے پی ٹی آئی یوتھ صوابی کے زیر اہتمام منعقدہ رمضان نائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کا شاٹ لگا کر باقاعدہ افتتاح بھی کیا۔