بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / پاکستان کو ایک ارب ڈالر امداد ملنے کی امیدیں ختم

پاکستان کو ایک ارب ڈالر امداد ملنے کی امیدیں ختم


اسلام آباد ۔ امریکہ سے اتحادی امدادی فنڈ ( سی ایس ایف ) کی صورت میں پاکستان کو ایک ارب ڈالر سے زائد کی بقیہ امداد جون کے اختتام سے پہلے ملنے کی امیدیں ختم ہونے کے بعد متوقع بجٹ خسارہ 4.2فیصد سے بڑھنے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان نے سی ایس ایف کی مد میں 11.65 ارب ڈالرکی امداد میں سے آخری بار مارچ میں 550 ملین ڈالر وصول کئے تھے اور ایک ارب ڈالر سے زائد کی امداد ملنا ابھی باقی تھا اس صورتحال کے پیش نظر بجٹ خسارہ 4.2 سے بڑھ جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب آئی ایم ایف ختم ہونے والی مالی سال کیلئے بجٹ خسارے کو 4.5فیصد تک بڑھا چکا ہے جس کے بعد سوال پیدا ہوگیا ہے کہ حکومت اس خسارے کو کس حد تک روکنے میں کامیاب رہے گی تاہم ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ وہ 3521 ارب روپے کا اپنا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے اس حوالے سے جون میں 661 ارب روپے جمع کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے جبکہ صرف تیس ارب روپے نان ٹیکس بنیاد پر جون کے اختتام تک تھری جی لائسنس کی نیلامی کے ذریعے حاصل کئے جائیں گے۔

تاہم رمضان اور عید الفطر کی تعطیلات کے باعث ایف بی آر کے پاس 661 ارب روپے کا ہدف حاصل کرنے کیلئے بیس سے بھی کم یوم کار مل پائیں گے اس ہفتے کے آغاز تک ایف بی آر ستر ارب روپے جمع کرچکا ہے جبکہ اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ مہینے کے اختتام تک وہ مطلوبہ ہدف کے قریب پہنچ جائیں گے ۔