بریکنگ نیوز
Home / شوبز / کارٹون میں نامناسب مواد نشر کرنے پرجرمانہ عائد

کارٹون میں نامناسب مواد نشر کرنے پرجرمانہ عائد


اسلام آباد۔پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا)نے کارٹون سیریز میں نامناسب و ناشائستہ مواد نشر کرنے پر نکلوڈئن (نک) پر پانچ لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔مذکورہ چینل پر کارٹون سیریز ’ونکس کلب‘ کی کہانی ’دی ایمپرر ز تھرون‘ میں ایک کردار کو نامناسب انداز میں لباس پہنے دکھایا گیا تھا۔ مذکورہ مواد نشر ہونے کے بعد پیمرا نے مورخہ 28 اپریل 2017 ؁ء کو نکلوڈئن (نک) سے اظہاروجوہ نوٹس کے ذریعے مورخہ 5مئی 2017 ؁ء تک جواب طلب کیا تھا۔ علاوہ ازیں چینل کے نمائندے کو بھی ذاتی شنوائی کے لئے طلب کیا تھا ۔ تاہم بعد ازاں چینل کی طرف سے داخل کروائے گئے ۔

تحریری جواب کا جائزہ لینے اور نمائندے کو سننے کے بعد کمیٹی اس نتیجہ پر پہنچی کہ مذکورہ اقدام سے ٹی وی چینل نے پیمرا الیکٹرانک میڈیا ضابطہ اخلاق 2015 ؁ ء کی متعدد شقوں اور دیگر پیمرا قوانین کی خلاف ورزی کی ہے ۔ اس خلاف ورزی پر نہ صرف چینل پر 5لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے بلکہ مستقبل میں محتاط رہنے کی بھی تنبیہ کی گئی ہے ۔ پیمرا نے آئندہ ایسی کسی خلاف ورزی سے بچنے کے لئے چینل انتظامیہ کو ادارہ جاتی نگران کمیٹی کو فعال بنانے اور اس کی تفصیلات پیمرا کو چودہ روز میں بھجوانے کی ہدایت کی ہے۔عدم پیروی پر پیمراقوانین کے تحت کاروائی کی جائیگی۔