بریکنگ نیوز
Home / سائنس و ٹیکنالوجی / 80 مربع کلومیٹر پر نظر رکھنے والا، ایک ارب پکسل کا ڈرون کیمرہ

80 مربع کلومیٹر پر نظر رکھنے والا، ایک ارب پکسل کا ڈرون کیمرہ


 اسرائیلی دفاعی ٹیکنالوجی کمپنی ایلبیٹ سسٹمز نے ایک ایسا کیمرہ بنایا ہے جو ایک ارب پکسل کے ساتھ 80 مربع کلومیٹر تک کے وسیع علاقے کی انتہائی تفصیلی اور صاف تصاویر حاصل کرسکتا ہے۔

ایس کے آئی ڈبلیو اے پی ایس سسٹم نامی یہ کیمرہ حال ہی میں پیرس ایئر شو میں پیش کیا گیا ہے اور اسے کسی بھی اچھے ڈرون پر نصب کیا جاسکتا ہے جو فضا میں بلند ہونے کے بعد 80 کلومیٹر تک وسیع رقبے کا احاطہ صرف ایک تصویر کے ذریعے کرسکتا ہے۔ اسے ماہرین نے ’آسمان میں آنکھ‘ قرار دیا ہے۔ کیمرے کو ایک وقت میں کئ مقامات پر زوم کرکے کسی بھی جگہ کی تفصیل لی جاسکتی ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ اسرائیلی دفاع کے لیے ایک گیم چینجر ایجاد ہے۔ وائیڈ ایریا پرسسٹنٹ سرویلنس سولیوشن (ڈبلیو اے پی ایس) سسٹم کے ذریعے ایک وقت میں دس علاقوں کو بھی دیکھا جاسکتا ہے اور براہِ راست کسی بھی مقام کی ویڈیو لی جاسکتی ہے۔

کمپنی کے مطابق اس سے دفاع، قدرتی آفات، فوجی آپریشن سمیت کئی اہم امور میں مدد لی جاسکتی ہے۔ ایس کے آئی ڈبلیو اے پی ایس میں الیکٹرو آپٹک سینسر یونٹ، جدید ترین امیج پروسیسنگ یونٹ اور ان ویڈیوز اور تصاویر کو جمع کرنے والا وسیع اسٹوریج نظام بھی موجود ہے۔

اس کا حاصل شدہ ڈیٹا فوری طور پر کسی بھی دوست طیارے یا زمین پر موجود کنٹرول سینٹر تک بھیجا جاسکتا ہے خواہ وہ مرکز کسی عمارت میں ہویا کوئی موبائل یونٹ۔ کیمرہ غیرمعمولی صورتحال کی فوری اطلاع کئی طریقوں سے پہنچاتا ہے۔