بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / پاک افغان کشیدگی ٗ بیرونی طاقتیں ذمہ دار قرار

پاک افغان کشیدگی ٗ بیرونی طاقتیں ذمہ دار قرار

واشنگٹن۔امریکہ کیلئے پاکستانی سفیر اعزازاحمد چوہدری نے کہا ہے کہ افغانستان سے پاکستان پر الزام تراشیوں کا سلسلہ بند ہونا چاہئے۔منگل کو واشنگٹن میں افغانستان میں قیام امن کے موضوع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری اور افغان سفیر نے شرکت کی۔اعزاز چوہدری کا کہنا ہے کہ افغانستان میں امن و استحکام پاکستان کے مفاد میں ہے،پاکستان اپنی سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال ہونے کی اجازت نہیں دے گا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان سے پاکستان پر الزام تراشیوں کا سلسلہ اب بند ہونا چاہئے،پاکستان اور افغانستان کو دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنا چاہیے۔ اعزازچوہدری نے مزید کہا کہ دونوں ممالک ملکر خطے میں امن و استحکام کو بحال کر سکتے ہیں، پاکستان پر الزام تراشی کی حوصلہ شکنی ہونی چاہئے، مشترکہ دشمن کو شکست دینے کیلئے تعاون کی ضرورت ہے،خطے میں استحکام لانے کیلئے دہشت گردی کا خاتمہ ضروری ہے۔

افغان سفیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوطرفہ نہیں بلکہ عالمی مسئلہ ہے، دنیا کو دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔ افغان سفیر نے اعتراف کیا کہ پاک افغان تعلقات میں کشیدگی کا سبب بیرونی طاقتیں ہیں،بہت سی بیرونی طاقتیں افغانستان میں بدامنی میں ملوث ہیں۔افغان سفیر نے کہا کہ افغانستان میں دیرپا امن کیلئے جامع سیاسی حل کی ضرورت ہے۔