بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / ہسپتالوں کے عملے کو الرٹ رہنے کا حکم

ہسپتالوں کے عملے کو الرٹ رہنے کا حکم

پشاور۔محکمہ صحت نے عیدالفطرکے موقع پرحادثات سے متاثرہ لوگوں کو بروقت امدادکی فراہمی کیلئے تمام ہسپتالوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ عیدسے قبل ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل سٹاف کے ڈیوٹیوں کے شیڈول کو آویزاں کریں۔پشاورپریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈائریکٹرجنرل ہیلتھ سروسز خیبرپختونخوا ڈاکٹر شبینا رضانے بتایاکہ گزشتہ سال عیدالفطر کے موقع پر چار ہزار 455 حادثات رپورٹ ہوئے جن میں72اموات بھی واقع ہوئیں۔

ان حادثات میں 73 فیصدان موٹرسائیکل سواروں کی تھیں جنہوں نے ہیلمٹ نہیں پہننے تھے اس لئے عیدالفطرکے دنوں میں محکمہ صحت نے فیصلہ کیاہے کہ صوبے کے تمام ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس کے ساتھ دیگرعملے کی حاضری کویقینی بنایاجائے انہوں نے کہاکہ تمام ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کے ساتھ پیرامیڈیکس،نرسز،سٹورکیپراوردیگر عملے کے شیڈول آویزاں کئے جائینگے طبی عملہ دن رات ہسپتالوں میں موجود رہے گا اور اس پورے عمل کی نگرانی کیلئے خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں جوعیدکے باوجود مختلف ہسپتالوں کا دورہ رکریگی۔

اس کے علاوہ آئی ایم یو کے اہلکار بھی ہسپتالوں کی نگرانی کرینگے ۔ڈی جی ہیلتھ نے مزید بتایاکہ حادثات کے تدارک کی بنیادی ذمہ داری پولیس کی ہے تاہم محکمہ صحت اس حوالے سے اپنے فرائض سے غافل نہیں انہوں نے والدین اوردیگرمکاتب فکرسے تعلق رکھنے والے افرادسے اپیل کی کہ ہوائی فائرنگ سے اجتناب کیاجائے اور ہیلمٹ کے بغیر موٹرسائیکل سواروں کو نکلنے نہ دیاجائے۔