بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / قطر سے بائیکاٹ کرنیوالے ممالک کی مطالبات فہرست تیار

قطر سے بائیکاٹ کرنیوالے ممالک کی مطالبات فہرست تیار

واشنگٹن۔امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹیلرسن نے کہا ہے کہ قطر سے سفارتی تعلقات ختم کرنے والے عرب ممالک نے مطالبات کی ایک فہرست تیار کی ہے جسے جلد ہی دوحہ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ عرب خبررساں ادارے کے مطابق امریکی وزیرخارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ قطر کے سامنے پیش کی جانے والی مطالبات کی فہرست پر سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر یکساں موقف رکھتے ہیں۔

ریکس ٹیلرسن کا کہنا ہے کہ خلیجی ممالک کی طرف سے تیار کی گئی فہرست میں معقول اور قابل عمل مطالبات پیش کئے گئے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا قطر اور دوسرے ملکوں کے درمیان مفاہمت کے لیے کویت کی ثالثی کی کوششوں کی تائید کرتا ہے۔ توقع ہے کہ ان کوششوں کا جلد ہی کوئی نتیجہ سامنے آجائے گا۔قبل ازیں امریکی صدر نے قطر اور دوسرے خلیجی ملکوں کے درمیان پیدا ہونے والے تنازع پر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ قطر کو سزا دینے کا فیصلہ مثبت اقدام ہے۔

ان کا اشارہ پڑوسی ملکوں کی طرف سے دوحہ کے سفارتی بائیکاٹ کی جانب تھا جو قطر کی دہشت گردی کی حمایت کی بنا پر مسلمان اور عرب ممالک نے شروع کیا ہے۔دو ہفتے پیشتر سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر سمیت متعدد مسلمان اور عرب ممالک نے قطر پر دہشت گردی کی معاونت اورخطے میں عدم استحکام پھیلانے کی سازشوں کے الزامات کے بعد قطر کا سفارتی بائیکاٹ کردیا تھا۔