بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / ٹرمپ کا نئے سعودی ولی عہد سے ٹیلیفونک رابطہ

ٹرمپ کا نئے سعودی ولی عہد سے ٹیلیفونک رابطہ


واشنگٹن۔امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کے نئے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے اور انھیں ان کے نئے تقرر پر مبارک باد دی ہے۔وائٹ ہاؤس نے جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ صدرٹرمپ اور ولی عہد نے مشرقِ وسطی اور اس سے ماورا سلامتی ،استحکام اور خوش حالی کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے قر یبی تعاون کے عزم کا اظہار کیا ہے۔بیان کے مطابق : دونوں لیڈروں نے دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کے لیے ہر قسم کی حمایت کے خاتمے کی اہمیت اور قطر کے ساتھ جاری تنازعے کے حل پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

انھوں نے اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان قیام امن کی کوششوں پر بھی گفتگو کی ہے۔اس کے علاوہ سعودی عرب اور امریکا کے درمیان بڑھتے ہوئے گہرے اقتصادی تعاون پر بھی بات چیت کی ہے۔سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے بدھ کی صبح ایک شاہی فرمان کے ذریعے اپنے بیٹے شہزادہ محمد بن سلمان کو ولی عہد مقرر کیا ہے اوران کے پیش رو شہزادہ محمد بن نایف کو ولی عہد کے عہدے سے سبکدوش کردیا ہے۔سعودی پریس ایجنسی کی اطلاع کے مطابق مملکت کی بیعت کونسل (المعروف شہزادگان کونسل)کے چونتیس میں سے اکتیس ارکان نے شہزادہ محمد بن سلمان کانیا ولی عہد کے طور پر انتخاب کیا تھا۔ان کی بیعت کے لیے بدھ کی شب الریاض میں ایک تقریب منعقد ہونے والی تھی۔دریں اثنا برطانیہ نے بھی سعودی عرب کے نئے ولی عہد کو مبارک باد پیش کی ہے۔