بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / پاکستانی طالبہ کا برطانوی یونیورسٹی میں کارنامہ

پاکستانی طالبہ کا برطانوی یونیورسٹی میں کارنامہ

اسلام آباد ۔ وادی نمل، میانوالی سے تعلق رکھنے والی ہونہار پاکستانی طالبہ ماہم ملک نے برطانیہ کی ایک ممتاز یونیورسٹی درہم لاء سکول کے امتحانات 2017ء میں دنیا بھر سے 200 سے زائد طالب علموں کا مقابلہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ ماہم ملک جنہوں نے فرابلز انٹرنیشنل اسلام آباد کی طالبہ کی حیثیت سے ملک بھر میں انگریزی میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے شاندار نمبروں کے ساتھ اے لیول کا امتحان پاس کیا تھا اور بعد ازاں انہوں نے برطانیہ کی ٹاپ ٹین یونیورسٹیوں میں سے ایک لاء سکول آف درہم (انگلینڈ) میں داخلہ لے لیا اور اس طرح اب ایک بار پھر انہوں نے اپنے ملک اور ادارہ کا نام روشن کیا ہے۔

یونیورسٹی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر اینڈی ہیوارڈ نے اپنے تعریفی کلمات میں ماہم ملک کو ان کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کیا کہ یہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے اور یہ سب طالبہ کی محنت کا نتیجہ ہے۔ یونیورسٹی کے سالانہ امتحانات میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پران کی کامیابی کے اعتراف میں درہم یونیورسٹی نے انہیں انعامی رقم بھی پیش کی۔ اس کے علاوہ انگلینڈ میں دیگر لاء چیمبرز سے کی طرف سے بھی ماہم ملک کو کئی مالیاتی ایوارڈز دیئے گئے۔

ماہم ملک نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ بیرسٹر بن کر ملک کی خدمت کرنا چاہتی ہیں۔ واضح رہے کہ درہم لاء سکول قانونی تعلیم اور تحقیق میں سرکردہ عالمی تعلیمی اداروں میں شمار ہوتا ہے اور تقریباً 17500 طالب علم مختلف شعبہ جات میں زیر تعلیم ہیں۔